مشرق وسطی

جمعیت الوفاق نے خواتین کی رہائی کا مطالبہ کر دیا

بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت، جمعیت اسلامی الوفاق کے شعبہ خواتین نے جیل میں قید سبھی سیاسی خواتین کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے-
جمعیت اسلامی الوفاق کے امور خواتین کے شعبے نے منگل کے روز ایک بیان میں جو سترہ مارچ بجرینی مجاہد خواتین کے قومی دن کی مناسبت سے جاری کیا گیا، بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ ان بحرینی خواتین کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں فوری اقدام کریں کہ جن کے حقوق آل خلیفہ کی شاہی حکومت پامال کررہی ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ چودہ فروری دو ہزار گیارہ کے بحرینی عوام کے انقلاب کے آغاز سے لے کر اب تک عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں کی آنکھوں کے سامنے بحرینی خواتین کے حقوق پامال کیےجارہے ہیں۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ خواتین کےخلاف آل خلیفہ حکومت کا تشدد بدستور جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرین کی چھے خواتین پرامن انقلابی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنے کی بنا پر جیل میں ہیں انھیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ جمعیت الوفاق اسلامی شعبہ خواتین کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جیلوں میں بند ان خواتین کے حقوق کی پامالی جو عورتوں کی آزادی اور حقوق کے بارے میں بین الاقوامی معاہدوں اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، بندکی جانی چاہئے۔ واضح رہے کہ بحرین کی شاہی حکومت، سعودی عرب کے فوجیوں کی مدد سے طاقت اور مختلف ہتھیاروں کا استعمال کرکے بحرینی عوام کے پرامن احتجاج کو بے دردی کے ساتھ کچل رہی ہے۔ بحرین کی شاہی اور ڈکٹیٹر حکومت نے اس ملک کے عوام کو آزادی بیان، پرامن اجتماع اور سیاسی جماعتوں کی تشکیل جیسے تمام حقوق سے محروم کرکے ان پر پابندی لگا رکھی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button