پاکستان میں افغان پلان نظر آرہا ہے، مزید قتل و غارتگری کا خطرہ ہے،رحمان ملک
شیعت نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء رحمان ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف افغان پلان کا آغاز ہو چکا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ آنے والے دنوں میں قتل عام دیکھ رہے ہیں، جبکہ اس پلان کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے وہ جلد قوم کے سامنے لے کر آئیں گے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے اندرونی اختلافات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے درمیان کوئی اختلاف موجود نہیں ہے، جبکہ دونوں مل کر پارٹی کو بہترین انداز میں چلا رہے ہیں۔ امین فہیم کے دورہ لندن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے دوران ٹکٹوں کی تقسیم پر کسی کو کوئی اعتراض اور تحفظات نہیں ہیں، جبکہ امین فہیم ذاتی دورے پر لندن گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ پیپلز پارٹی کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے۔ ایم کیو ایم کے ساتھ ناراضگی نہیں بھائی چارہ کا رشتہ ہے، جبکہ سیاسی جرگہ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ کل یا پرسوں سیاسی جرگہ کے اراکین ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جرگہ تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک ختم کرنا چاہتا ہے، جبکہ سراج الحق سے درخواست کی ہے کہ وہ وفاقی وزیر اسحاق ڈار سے بات کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی جرگہ پیچھے ہٹنے والا نہیں ہے اور اپنا کام کرتا رہے۔