ایران

رسول اللہ ص کی شان میں گستاخی ماڈرن جاہلیت کا نمونہ ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ جوادی آملی نے کہا ہےکہ فرانس کے ایک جریدے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی قابل مذمت اور ماڈرن جاہلیت کا نمونہ ہے۔ آیت اللہ جوادی نے فرانس کے جریدے چارلی ایبدو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پیغمبر کے توہین آمیز خاکے بنانا جنہیں خدا نے انسان کی صلاحیتوں میں نکھار لاکر رشدو کمال کی منزلوں تا پہنچانے کے لئے بھیجا تھا ماڈرن جاہلیت ہے۔ آیت اللہ جوادی آملی نے کہا کہ اس طرح کے قبیح اور شرمناک اقدامات مغرب کے انسانیت سے دور ہونے کی نشانی ہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت عیسی علیہ السلام اذن خدا سے مردوں کو زندہ کرتے تھے اور پیغمبر اسلام کو مبعوث کیا گيا تا کہ آپ لوگوں میں اخلاق زندہ کریں لھذا کسی بھی معاشرے میں ایک کریم انسان اور کریم معاشرہ توہین آمیز اقدامات کا مرتکب نہیں ہوتا جن کا مشاہدہ ہم آج مغرب میں کررہے ہیں۔ درایں اثنا حوزہ علمیہ قم کی اعلی کونسل کے سربراہ آیت اللہ مقتدائي نے فرانسیسی جریدے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے مخاصمانہ اقدامات سے مغربی ملکوں کے حکام کے خلاف نفرت ہی پھیلے گي۔ انہوں نے کہا کہ مغرب آزادی بیان کے بہانے یہ توہین آمیز اقدامات کررہا ہے لیکن علماء شیعہ اس گستاخی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ انسانی حقوق کے نام نہاد حامیوں کو دیڑہ ارب سے زائد مسلمانوں کے عقائد اور مقدسات کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button