پاکستان

طالبان کا فکری توڑ کرنا علما کی ذمہ داری ہے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہورمیں طالبان کے گمراہ کن فلسفہ جہاد کے رد کیلئے بنائے گئے علما بورڈ کے تھنک ٹینک کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام پوری قوم کی آواز ہے، فوجی عدالتوں کے معاملے میں بعض سیاسی جماعتیں منافقت کر رہی ہیں، دہشت گردی جیسے اہم مسئلے پر سیاست نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ایشو پر اگر مگر کرنے والے پھر میدان میں آ گئے ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف قوم کی یکسوئی کو خراب کیا جا رہا ہے، غیر ضروری بحثیں چھیڑنا دہشت گردوں کو بچانے کے مترادف ہے، حکومت غیر ضروری اجلاس میں وقت ضائع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سطح پر دہشت گردی کے خلاف صرف اجلاس ہو رہے ہیں، ایکشن نہیں ہو رہا، فوجی عدالتوں کے مخالفین دہشت گردی کے خلاف بننے والی قومی یکجہتی کی فضا کو ضائع کر رہے ہیں، حکمران حکمت عملی اور عزم سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور جے یو آئی دہشت گردوں کی حمایت اور دہشت گردی کے مخالفت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ علما طالبان کی خود ساختہ شریعت کے رد کے لئے میدان میں آئیں اور قوم کے سامنے حقیقی فلسفہ جہاد پیش کریں تاکہ مسلم نوجوانوں کو جہاد کے نام پر گمراہ کرنے کی کوششیں ناکام بنائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کا فکری توڑ علما کی ذمہ داری ہے، کیوں کہ طالبان کی وجہ سے اسلام بدنام ہو رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button