لبنان

ڈی این اے ٹیسٹ سے خلیفہ بغدادی کی بیٹی کی شناخت

لبنان کے وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ سے حکام کے زیر حراست دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کے خلیفہ ابوبکر بغدادی کی بیٹی کی شناخت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

لبنانی وزیرداخلہ نہادالمشنوق نے جمعرات کو بتایا ہے کہ ”اس بچی کی زیر حراست ماں کی چھے سال قبل داعش کے خلیفہ ابوبکرالبغدادی سے شادی ہوئی تھی اور ان کی شادی صرف تین ماہ برقرار رہی تھی۔اس کے بعد ان کے درمیان علاحدگی ہوگئی تھی”۔
نہادالمشنوق نے لبنان کے ایم ٹی وی ٹیلی ویژن چینل کو بتایا ہے کہ عراق نے لبنانی حکام کو ابوبکرالبغدادی کے ڈی این اے کے نمونے بھیجے تھے تاکہ گرفتار کی گئی عورت سجی الدلیمی اور اس کی بچی کی شناخت میں مدد مل سکے۔
ان کے بہ قول:”لبنانی حکام کے زیر حراست سجی الدلیمی اس وقت ابوبکر البغدادی کی بیوی نہیں ہے۔اس خاتون کی تین شادیاں ہوئی تھیں۔پہلی شادی سابق عراقی حکومت کے ایک عہدے دار سے ہوئی تھی اور اس سے اس کے دو بیٹے ہیں۔اب اس کی شادی ایک فلسطینی مرد سے ہوئی ہے اور وہ اس کے بچے کی ماں بننے والی ہے”۔
لبنانی وزیر کا کہنا تھا کہ ”ہم نے اس خاتون اور اس کی بیٹی کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے ہیں جس سے ان کے ماں بیٹی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔اس کے علاوہ عراق سے موصول ہونے والے ڈی این اے کے نموںے سے اس بات کی بھی تصدیق ہوگئی ہے کہ زیر حراست بچی خلیفہ بغدادی ہی کی حقیقی بیٹی ہے”۔ان کا کہنا تھا کہ ”سجی الدلیمی کے ساتھ گرفتار کیے گئے دونوں بیٹوں اور اس بچی کو اب ایک چائیلڈ کئیر مرکز میں رکھا جارہا ہے”۔
عراق کی وزارتِ داخلہ نے گذشتہ روز کہا تھا کہ لبنان میں حکام کے زیرحراست خاتون داعش کے خلیفہ ابوبکر البغدادی کی اہلیہ نہیں ہے بلکہ وہ جنوبی شہر بصرہ میں بم دھماکوں میں ملوّث ایک شخص کی بہن ہے۔
عراقی وزارتِ داخلہ کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل سعد معان نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ ”لبنانی حکام نے سجی عبدالحمید الدلیمی نامی جس خاتون کو گرفتار کیا ہے،وہ بم دھماکوں کے الزام میں گرفتار شخص عمرعبدالحمید الدلیمی کی بہن ہے۔اس شخص کو عراق کی ایک عدالت بم دھماکوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنا چکی ہے”۔
ترجمان نے وضاحت کی تھی کہ اس وقت ابوبکر البغدادی کی دو بیویاں ہیں اور ان میں کسی کا نام سجی الدلیمی نہیں ہے۔داعش کے خلیفہ کی ایک اہلیہ کا نام فوزی محمد الدلیمی اور دوسری کا نام اسراء رجب القیسی ہے۔
واضح رہے کہ اس سال کے آغاز میں اس خاتون سجی الدلیمی کی تصاویر آن لائن منظرعام پر آئی تھیں اور ان کے حوالے سے یہ کہا گیا تھا کہ وہ ابوبکر بغدادی کی اہلیہ ہے۔تاہم اب عراقی اور لبنانی حکام کی جانب سے یہ وضاحت سامنے آئی ہے کہ اس خاتون کا اب داعش کے خلیفہ سے کوئی ازواجی تعلق نہیں ہے اور ان کے درمیان چھے سال قبل طلاق ہوگئی تھی۔
بیروت ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ ،ایجنسیاں

متعلقہ مضامین

Back to top button