دنیا

داعش کا بھارتی ساتھی جو باتھ روم صاف کرتا تھا، واپسی پر ممبئی میں گرفتار

بھارتی شہری جس نے چھ ماہ قبل داعش میں شمولیت اختیار کی اپنے داعش کے ساتھ گزرنے والے وقت کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کے ذمہ عسکری کارروائیوں میں حصہ لینا نہیں تھا بلکہ ٹوائلٹس کی صفائی کا کام لگایا گیا تھا۔ مجید نامی بھارتی عسکریت پسند نے اس امر کا انکشاف اس وقت کیا جب بھارتی سکیورٹی حکام نے اس سے تفتیش کے دوران مختلف سوالات کیے۔ مجید کو جمعہ کے روز ممبئی پہنچنے پر بھارتی سکیورٹی حکام نے گرفتار کیا تھا۔ گرفتار کیے گئے مبینہ عسکریت پسند کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ کم از کم چھ ماہ تک عراق میں داعش کے ساتھ رہنے کے بعد واپس آیا ہے۔ مجید کے مطابق داعش کے کمانڈر بھارتی شہریوں کو جسمانی اور صحت کے اعتبار سے کمزور خیال کرتے ہیں اس لیے انہیں معرکوں میں بھجوانے سے احتیاط کی جاتی ہے۔

یہی وجہ تھی کہ مجید نامی بھارتی شہری سے کمانڈروں نے ٹوائلٹس کی صفائی کا کام لینا بہتر سمجھا۔ مجید نے بھی بار بار اس امر سے انکار کیا ہے کہ وہ کسی کارروائی کا حصہ رہا ہے۔ بھارتی شہری نے داعش کی جنگ کو غیر مقدس جنگ کا نام دیتے ہوئے کہا ”داعش مقدس کتاب کے مطابق کارروائیاں نہیں کرتی ہے، بلکہ ایسے بھی واقعات ہوئے کہ داعش کے عسکریت پسند خواتین کی عزت پامال کرتے تھے۔ ” 23 سالہ بھارتی شہری کو گولی لگنے سے ہونے والے ایک زخم نے اسے کافی کمزور کردیا ہے، اس نے بھارت سے عراق جانے میں مدد کرنے والے اپنے تین بھارتی ساتھیوں کے نام بھی سکیورٹی فورسز کے سامنے منکشف کیے ہیں۔ بھارتی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ” ہم اس واپس آنے والے عسکریت پسند کی فراہم کردہ معلومات کا جائزہ لے رہے ہیں ، نیز اس مقامی رابطوں کو بھی کھنگال رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button