محرم الحرام کے تقدس کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے تقدس کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا اور کسی کوبھی قانون میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کی تو اس سے انتہائی سختی سے نمٹا جائے گا۔ وہ آج محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے راستوں، مجالس و مساجد کی سیکورٹی کیلئے کئے گئے سیکورٹی اقدامات کا ازخود جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے تھے۔ اس موقع پر معاونین خصوصی وقار مہدی، راشد ربانی، آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی،ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو،کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اور متعلقہ اضلاع کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ایام عزا کے جلوسوں کے راستوں جن میں صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک،تبت سینٹر،ریڈیو پاکستان، لائیٹ ہائوس،ڈینسو ھال، بولٹن مارکیٹ ،کھارادرکے علاوہ دیگرعلاقوں کا بھی دورہ کیا اور مختلف مقامات پر گاڑی سے اتر کر سیکورٹی کے انتظامات کاجائزہ لیا۔صدر کے علاقے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم محرم الحرام کے تقدس اور فول پروف سیکورٹی کے انتظامات سے غافل نہیں اور پورے سندھ میں امن امان پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس کو تمام وسائل فراہم کئے ہیں جوکہ امن امان کے قیام کیلئے ضروری ہیں اور اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ پولیس کس طرح ان وسائل کا استعمال کرکے صورتحال پر کنٹرول کر رہی ہے اور میرا یہ دورہ بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس دورے کے بعد پولیس کےکئے گئے اقدامات تسلی بخش نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اس وقت تک محرم الحرام کی ماتمی جلوسوں اور مجالس کی حفاظت زیر کنٹرول رہی ہے اور انشاء اﷲ 9اور 10محرم الحرام کو بھی صورتحال کنٹرول میں رہے گی اور یوم عاشورہ خیر و خوبی سے گزر جائے گا۔موبائل فون پر بندش سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ اس بات کا انحصار آج کی صورتحال پر ہے، سیکورٹی خدشات کے متعلق ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیکورٹی کی دھمکیاں تو ہمیں شروع سے ہی ملتی رہی ہیں جن کا ہم کامیابی سے مقابلہ کر رہے ہیں اور ہم اس لحاظ سے بالکل غافل نہیں۔کراچی میں داعش کی موجودگی سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں اس وقت تک داعش کا کوئی وجود نہیں لیکن ٹی ٹی پی اور القاعدہ کی موجودگی ہے جن کی دہشتگردی کے خلاف ہم جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک ضمنی سوال کے پر سید قائم علی شاہ نے کہا کہ داعش کی موجودگی سے متعلق کچھ دعواؤں کے پیش نظر ہم اس بات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور تحقیقات بھی کر رہے ہیں، اگر ایسی صورتحال نظر آئی تو ہم ان سے بھی نمٹنے کی پوری قوت رکھتے ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ نے سوک سینٹر میں قائم پولیس کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں بیٹھ کر کنٹرول روم میں نصب کیمروں کے ذریعے شہر میں امن امان کی نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا اور آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے کام کو سراہا۔انہوں نے وہاں کام کرنے والے اہلکاروں سے کئی معلومات لیں اور اس سسٹم کو شہر کی دیگر سسٹم سے منسلک کرنے کے احکامات دیئے۔اس موقع پر آئی جی سندھ پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سوک سینٹر میں اندازاً ایک ہزار کیمروں کے ذریعے تقریباً250مقامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوک سینٹر میں نصب کیمرؤں کے علاوہ800 کیمروں کے ساتھ ایسا ہی مانیٹرنگ نظام پولیس ہیڈکوارٹر میں بھی نصب کیا گیا ہے، جبکہ اس کے علاوہ 180کیمرے شہر کے مختلف ٹریفک سیکشنز میں بھی نصب ہیں،جوکہ مانیٹرنگ کا کام سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کی نگرانی مزید مؤثر کرنے کیلئے 200مزید کیمرے جلوسوں کے روٹس پر لگائے جا رہے ہیں۔آئی جی نے مزید بتایا کہ 8محرم الحرام کے 950ماتمی جلوسوں کے تحفظ کیلئے 27924پولیس اہلکار تعینات کئے گئے جبکہ 9محرم کو 1303ماتمی جلوسوں کیلئے 30810اور 10محرم الحرام کو1537ماتمی جلوسوں کیلئے 34165اہلکار تعینات کئے جائیں گے جوکہ رینجرز کی نفری کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر سندھ پولیس نے محرم کی سیکورٹی کیلئے 75ہزار پولیس اہلکاروں کو طلب کیا ہے، ان میں اسپیشل پولیس، سی آئی ڈی پولیس، کرائم برانچ اورٹریفک پولیس کے علاوہ 2ہزار اسپیشل کمانڈوز بھی شامل ہیں، جبکہ رینجرز کی جانب سے 9500اہلکار بھی اپنے فرائش انجام دیں گے۔آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کو مزید بتایا کہ شہر میں نصب تمام کیمرں کے ذریعے سرویلنس نظام کو آپس میں لنک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ایک مہینے کے اندر امریکا کی جانب سے مہیا کئے گئے2000جدید کیمرے بھی نظام میں شامل کئے جا ئیں گے۔سوک سینٹر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن امان برقرار رکھنے کیلئے بھاری سرمایہ کاری کرکے روز بروز پولیس کی استعداد کار میں اضافہ لا رہے ہیں اور اب کراچی پولیس کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔