جھنگ میں لبیک یا حسینؑ اور سلام یا حسینؑ کے بینرز اتار دیئے گئے، احتجاج پر انتظامیہ نے دوبارہ لگا دیئے

ہزاروں مومنین نے ایوب چوک جھنگ میں احتجاجی دھرنا دیا اور اپنے مطالبات پورے ہونے پر ختم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق یکم محرم الحرام کو کالعدم سپاہ صحابہ کی ریلی منعقد ہوئی اور جھنگ انتظامیہ نے ایوب چوک جھنگ میں لگائے گئے لبیک یا حسینؑ اور سلام یا حسینؑ کے بینرز اتار لیے،
پولیس کی اس کارروائی کے خلاف شیعہ تنظیموں کے کارکنوں نے ایوب چوک میں احتجاجی دھرنا دیا، ماتمی علم نکالا اور ٹائر جلائے جس کے باعث دو گھنٹے تک ٹریفک جام رہی۔ بعد ازاں مظاہرین سے مذاکرات کے بعد پولیس نے اتارے گئے فلیکس دوبارہ آویزاں کر دیے جس پر احتجاج ختم ہو گیا۔
اہل تشیع کا کہنا ہے کہ کالعدم سپاہ صحابہ اور جھنگ انتظامیہ کو صرف شہید کربلا امام حسین علیہ السلام کے نام کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں اور نقص امن کا بہانہ بنا کر محرم الحرام کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی جو ناکام بنا دی گئی۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال بھی محرم الحرام کے دنوں میں جھنگ میں لگائے گئے لبیک یا حسینؑ کے ایک بینر کو جزوی طور پر نذر آتش کر دیا گیا تھا۔








