پی پی وفد کی علامہ امین شہیدی سے ملاقات

21 اگست, 2014 10:49

پی پی وفد کی علامہ امین شہیدی سے ملاقاتشیعت نیوز (اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک وفد نے سینیٹر رحمان ملک کی قیادت میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ محمد امین شہیدی سے ملاقات کی۔ وفد میں ندیم افضل چن سابق چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی، صابر بلوچ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اخونزادہ چٹان ممبر قومی اسمبلی اور دیگر شامل تھے۔ وفد سے بات کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ موجودہ حالات کو اگر حکومت نے دانشمندی سے حل نہ کیا تو قوم دس سے بارہ سال پیچھے چلی جائے گی۔ دوسری طرف اس ملک میں حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ نے جس طرح شدت پسند عناصر کو پروموٹ کیا حتٰی کہ اداروں میں بھی ان کو پروموٹ کیا گیا تھا اور پھر اس کے نتائج کو اس ملک کے عوام نے دیکھا۔ اب ان معاملات میں ایک موڑ آیا ہے۔ پاکستان میں عوام کی اکثریت معتدل اور امن پسند ہے، ان معتدل لوگوں کو سپورٹ کرنا وطن کی ضرورت ہے۔

تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ شدت پسندوں کی حوصلہ شکنی کریں اور وطن سے محبت رکھنے والی معتدل قوتوں کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ کریں۔ شدت پسندی روکنے کا اس سے بہترین حل اور کوئی نہیں ہوسکتا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری صاحب نے آئین کی بالا دستی، کرپشن کے خاتمے، فرقہ واریت اور شدت پسندی کی بیخ کنی اور ایک عادلانہ نظام کے قیام کے لئے قدم اٹھایا تو مجلس وحدت مسلمین نے شعوری طور پر ان کا ساتھ دیا۔ ہمارا مقصد ارض وطن سے ظلم اور ظالمانہ نظام کا خاتمہ اور عدل و انصاف پر مبنی نظام کا قیام ہے اور موجودہ تحریک کا بنیادی مقصد یہی ہے۔

نواز شریف حکومت نے بے گناہوں کا قتل عام کیا، دہشت گردوں اور شدت پسندوں کا ساتھ دیا، انتخابی دھاندلی کا بھرپور مظاہرہ کیا اور جمہوریت کے نام پر خاندانی بادشاہت کا نظام قائم کیا اور پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کو انسان نہیں مویشیوں کا ریوڑ سمجھا۔ پاکستان تب ہی ترقی کرسکتا ہے جب اس کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیا جائے اور اس کی جگہ ایک منصفانہ اور عادلانہ نظام قائم ہو۔ موجودہ تحریک اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے قائدین پاکستان عوامی تحریک اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ہر گزرتے لمحے اپنی نئی حکمت عملی بنانے میں مصروف ہیں۔ پیپلز پارٹی کو چاہیئے کہ ملک کو اس بحران سے نکالنے اور ان تمام بیماریوں سے نجات دلانے کے لیے اپنا مثبت رول ادا کرے اور نون لیگ کی ہٹ دھرمی اور نواز شریف خاندان کے غرور کو توڑنے میں تحریک کا ساتھ دے۔

7:56 صبح جون 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔