دنیا

پوری دنیا امریکہ سے خوفزدہ اور امریکہ ایران سے خائف: ڈاکٹر کلب صادق

kalby sadiqہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ماگام قصبہ میں امام خمینی (رہ) میموریل لیکچر کے ذیل میں "فلسفہ انتظار اور ہماری ذمہ داری” کے موضوع پر ایک اہم اجتماع کا انعقاد ہوا، اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا سید کلب صادق نے فلسفہ انتظار اور ہماری ذمہ داریوں پر روشی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت مسلمانوں کو اتحاد و اتفاق اور علمی پیش رفت میں سبقت لینی ہوگی، انہوں نے کہا کہ زمین میں چھپی نعمتوں کو ظاہر کرنے کے لئے علم کی ضرورت ہوتی ہے، اور اگر عرب حکمرانوں نے علم کو حاصل کیا ہوتا تو انہیں آج امریکہ و اسرائیل کے تلوے چاٹنا نہ پڑتے، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی منزل اعلٰی و ارفع ہے، انہیں کسی بھی چیز سے خائف نہیں ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ جو اوباما افغانستان کو فتح نہیں کرسکا وہ دنیا کو کیا فتح کریں گے۔

مولانا سید کلب صادق نے کہا کہ مسلمانوں کو تمام آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اتحاد و اتفاق سے کام لینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہماری غلطیوں سے اتنا اختلاف نہیں بڑھتا ہے جتنا غلط فہمیوں سے، اسلئے ہمیں آپسی روابط کو بڑھانا ہوگا، اور اس میں علماء کا اہم رول ہوا کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنما اختلاف اور الزام تراشی سے دور رہیں اور منفی سوچ سے اجتناب کریں، اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید کلب صادق نے کہا کہ دور غیبت امام زمانہ (عج) میں ہمارا پہلا ہدف اتحاد و اتفاق ہونا چاہئے، اور دوسرا ہدف حصول علم۔

اپنے خطاب کے دوران مولانا کلب صادق نے جمہوری اسلامی ایران کی حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران میں کم عرصہ کے دوران یہ مثبت تبدیلی آئی کی وہاں اب ایک بھی مرد یا عورت جاہل اور بے علم نظر نہیں آتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایران کے عام نوجوان یہاں کے علماء سے آگاہ تر نظر آتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک امریکہ سے ڈرتے ہیں اور امریکہ ایران سے خائف ہے، اس کی وجہ یہی علمی پیش رفت ہے، ایران نے اگر اوباما کو اپنے در کا بھکاری بنایا تو اسی سائیبر ٹیکنالوجی میں کامیابی کی وجہ سے، پروگرام کے بعد مولانا سید کلب صادق نے ادارہ ابو الفضل عباس (ع) ماگام کے کتب خانہ کا معائنہ کیا اور ان کے پیشرفت و کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button