دنیا

حرمین شریفین کو تباہ کرنے کے ناپاک امریکی منصوبہ کے خلاف زبردست احتجاج

shiitenews india shia sunniکل بعد نماز جمعہ آزاد میدان ممبئی میں علماء کرام، مذہبی تنظیموں کے ذمہ داران ، طلبہ ، ائمہ مساجد اور عامۃ المسلمین نے بڑی تعداد میں اکٹھا ہوکر صدائے احتجاج بلند کی اور حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی مفادات کے تحفظ کے بجائے وطن عزیز میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے۔
تقریب نیوز (تنا): جب سے حرمین شریفین کے تعلق سے امریکہ کی خباثت اور اس کے ناپاک ارادوں کی خبریں عام ہوئی ہیں مسلمانان عالم میں شدید اضطراب کی کیفیت پائی جارہی ہے۔ اسی تعلق سے کل بعد نماز جمعہ آزاد میدان میں علماء کرام، مذہبی تنظیموں کے ذمہ داران ، طلبہ ، ائمہ مساجد اور عامۃ المسلمین نے بڑی تعداد میں اکٹھا ہوکر صدائے احتجاج بلند کی اور حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی مفادات کے تحفظ کے بجائے وطن عزیز میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے اور امریکہ کو بھول کر بھی ایسی کسی غلطی سے باز رکھنے کے لئے اپنے سفارتی تعلقات کا استعمال کرے۔

اس موقع پر حاضرین اپنے ہاتھوں میں تختیاں اٹھائے ہوئے تھے جس پر امریکہ اسرائیل مردہ باد، حرم کی حفاظت خدا ابابیلوں سے لے گا۔ سرزمین مقدسہ سے امریکی و برطانوی فوجوں کو نکال باہر کیا جائے، عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک جیسے نعرے لکھئے ہوئے تھے جبکہ فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

مولانا سید معین الدین اشرف (صدر جامعہ قادریہ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ ‘‘خدا امریکہ کو غارت کرے جو حرمین شریفین کو تباہ کرنے کا ناپاک ارادہ رکھتا ہے۔ ویسے اس کی یہ طاقت نہیں کہ وہ اس کی جانب غلط نگاہ سے دیکھ بھی سکے۔ اس لئے ہمارا حکومت سعودی سے مطالبہ ہے کہ وہ فوراً امریکی و برطانوی فوجوں سے سرزمین مقدسہ خالی کروائے۔’’

مولانا سید شاکر حسین سیفی نے کہا کہ امریکی سازش سے یہ واضح ہوگیا کہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ ہے جو ‘بیت الامن’ کو تباہ کرنے کا ناپاک ارادہ رکھتا ہے، ویسے یہ اس کے بس کی بات نہیں ہے کیونکہ امریکہ کی ٹکنالوجی میں آج تک ایسی کوئی میزائل تیار ہی نہیں ہوئی ہے جو حرمین شریفین کو تباہ کر سکے یا اس کی ایک اینٹ کو نقصان پہنچا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جگہ جگہ امریکی فوجی اڈے دراصل دہشت گردی کے اڈے ہیں اور اس کے فوجی ‘اوپر سے وردی اندر سے دہشت گردی’ کے مصداق ہیں جس کا اس نے کھلا ثبوت دیا ہے۔ جہاں تک کعبۃ اللہ کی حفاظت کی بات ہے تو قرآن شاہد ہے کہ حرم کو ڈھانے کا ارادہ رکھنے والا ابرہہ بھوسا بنا دیا گیا، یہی حشر امریکہ کا بھی ہوگا۔

رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمد سعید نوری نے کہا کہ احتجاج کا یہ سلسلہ یہیں پر نہیں رکے گا بلکہ امریکہ نے اپنی ناپاک سازش کے ذریعہ عالم اسلام کو وہ روحانی ٹھیس پہنچائی ہے جسے مسلمان ہمیشہ محسوس کرے گا اور اس کی ناپاک سازش کے خلاف کمر بستہ رہے گا۔ اس سلسلے میں جلد ہی بڑے پیمانے پر ‘تحفظ حرمین ’ کانفرنسیں منعقد کی جائے گی۔

مولانا خلیل الرحمٰن نے کہا کہ امریکہ نے ہمارے مرکزِ عقیدت اور قبلہ پر حملے کی بات کی ہے لیکن اسے شاید معلوم نہیں کہ مسلمان دنیاوی عیش و عشرت کے لئے نہیں بلکہ عشق نبوی (ص) کے لئے زندہ رہتا ہے، اس لئے وہ اپنی درندہ ذہنی اور ناپاک منصوبوں سے باز آئے۔

مفتی زبیر احمد نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کے لئے ہم جان کی بازی لگا دیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا۔

نظام الدن راعین (ایم آر سی سی اقلیتی شعبہ صدر) نے کہا کہ امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل ہمیشہ عالم اسلام کو نقصان پہنچانے اور تکلیف دینے کے لئے سازشیں رچتے ہیں اور ہماری حکومت میں بیٹھے کچھ دلال بھی ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں۔ ایسے دلالوں کے چہروں سے نقاب اتارنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت امریکہ کے مفادات کو ترجیح نہ دے بلکہ کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے۔

اس موقع پر مولانا یوسف رضا، ایڈوکیٹ غلام پنجتن خان، مولانا خلیل الرحمٰن نوری، مولانا توقیر احمد شمسی نے بھی اظہار خیال کیا۔ مولانا معین میاں کی دعاؤں پر احتجاجی جلسہ اختتام ہوا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button