مشرق وسطی

شام میں دہشتگردوں کی مدد کرنے پر اقوام متحدہ سعودی عرب کے خلاف کارروائی کرے، شام

syria mapشام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو لکھے گئے ایک خط میں ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں سرگرم دہشتگرد گروہوں کی کھلی مدد کرنے پر سیکورٹی کونسل کے ذریعے سعودی عرب کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ تفصیلات کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سیکورٹی کونسل کے چیئرمین بان کی مون کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی جانب سے شام کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور دہشت گردوں کی مدد کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر سیکورٹی کونسل کے ذریعے سعودی عرب کے خلاف کارروائی کریں۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے حال ہی میں دہشت گردی کے خلاف وضع کئے گئے نئے قوانین کا حقیقی مقصد عالمی برادری کو دھوکہ دینا ہے۔ یاد رہے چند ہفتے قبل سعودی عرب نے دہشت گردی کے خلاف بعض نئے قوانین وضع کئے ہیں جن کے مطابق سعودی شہریوں کا کسی دوسرے ملک جا کر "جہادی سرگرمیوں” میں شرکت کرنا جرم قرار دیا گیا ہے اور اس جرم کے مرتکب شخص کیلئے جرمانے اور قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔

شام کی وزارت خارجہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لکھے گئے اس خط میں سعودی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے مفتیوں کو بھی کنٹرول کرے اور انہیں گمراہ کن اور فتنہ انگیز فتوے دینے سے باز رکھے۔ یاد رہے کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران سعودی مفتیوں نے بارہا شام میں جہاد فی سبیل اللہ کے فتوے جاری کئے ہیں بلکہ بعض سعودی مفتیوں نے تو انسانیت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے "جہاد النکاح” جیسے اخلاق سے گرے ہوئے اور غیراسلامی فتوے بھی صادر کئے ہیں۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے دنیا بھر میں پھیلائی جانے والی وہابی طرز فکر عالمی امن کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے۔ کیونکہ دنیا بھر میں سرگرم دہشت گرد گروہ اسی وہابی اور تکفیری سوچ کو اپنے غیرانسانی اور مجرمانہ اقدامات کا بہانہ قرار دیتے ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے وہابی اور تکفیری سوچ کی حمایت اور پھیلاو درحقیقت دنیا بھر میں دہشت گردی کے فروغ کا سبب بنا ہے۔

شام کی وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے گئے اس خط میں کہا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کو ایسے ۲۲۸ سعودی شہریوں کے ناموں کی فہرست بھی مہیا کر سکتی ہے جو اب تک شام میں دہشت گردانہ اقدامات کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں اور شام کے اندرونی معاملات میں سعودی عرب کی کھلی مداخلت کا واضح ثبوت ہیں۔ اس خط میں سعودی حکومت کی جانب سے اس فیصلے کو بھی محض دکھاوا اور ڈرامہ قرار دیا گیا ہے جس کے مطابق ایسے سعودی شہریوں پر مقدمہ چلانے کا اعلان کیا گیا ہے جو دوسرے ممالک میں جہاد کے نام پر دہشت گردی کرنے میں مصروف ہیں۔ خط میں سعودی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان ڈراموں کی بجائے دنیا بھر میں دہشت گردی برآمد ہونے کو سنجیدگی سے روکنے کی کوشش کرے۔

شام کی وزارت خارجہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو لکھے گئے اس خط میں سعودی حکومت کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر وہ واقعی طور پر دہشت گردی کی روک تھام میں مخلص ہے تو اسے چاہئے کہ دہشت گردی کی ترویج کرنے والے افکار و نظریات جیسے وہابیت اور تکفیریت کا موثر انداز میں مقابلہ کرے۔ کیونکہ سعودی مفتیوں کی جانب سے جہاد اور تکفیریت کے فتوے اس سوچ کو پروان چڑھانے کا باعث بنے ہیں جس کی وجہ سے شام اور دوسرے مسلم ممالک میں دہشت گردی کی لعنت معرض وجود میں آئی ہے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ سعودی عرب کو دہشت گردی کی مزید حمایت اور مدد کرنے سے روکنے کیلئے خاطرخواہ اور موثر اقدامات انجام دے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button