کویت میں 100 مظاہرین زخمی
انسانی حقوق کے امور میں سرگرم ایک غیرسرکاری تنظیم نے اعلان کیا کہ کویت میں کل ہونیوالے احتجاجی مظاہرے کے دوران کم از کم 100 مظاہرین زخمی ہوگئے-
کویت سے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انتخابات کے نئے قانون کے خلاف گذشتہ روز ہونیوالے احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس تشدد میں ایک سو سے زائد مظاہرین زخمی ہوگئے جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے – اس موقع پر پولیس نے ولید طباطبایی سمیت کئی اسلام پسند احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا –
اس سے قبل کویت کے 9 سیاسی گروپوں نے ایک بیان جاری کرکے انتخابات کے نئے قانون کی مخالفت کی تھی –
کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے انتخاباتی نظام کو ناقص قراردیتے ہوئے اس میں تبدیلی کرنے کا حکم دیا تھا – مخالفین کا کہنا ہے کہ نئے قانون کے تحت ،انتخابات میں حکومت کی مداخلت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے –