شام میں قتل عام روکنا سب ملکوں کی ذمہ داری
علی اکبر صالحی نے بدھ کو تہران میں شام کے بارے میں منعقدہ نشست کے موقع پر الجزائر کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں کہا کہ یہ تمام ملکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شام میں تشدد کے خاتمے کےلئے کوشش کریں۔
انہوں نے شام میں جاری تشدد اور بے گناہ افراد کے قتل عام پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ الجزائر علاقائی بحرانوں کو حل کرنے کی توانائی رکھتا ہے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران اور الجزائر کے تعلقات کو دوستانہ قراردیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے حکام بہت سے علاقائي اور عالمی مسائل میں ایک دوسرے سے مشورے کرتے رہتے ہیں۔
الجزائر کے وزیر خارجہ مراد مدلسی نے شام کے بارے میں اجلاس کرانے پر ایران کا شکریہ ادا کیا اور شام میں تشدد و قتل عام کے خاتمے پر تاکید کرتےہوئے کہا کہ شام کے بحران کو سیاسی طریقوں سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز تہران میں شام کے بارے میں عالمی اجلاس ہوا تھا۔