

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی مشترکہ کمان کے تشہیراتی شعبے کے سربراہ سید مسعود جزائری نے کہا ہے کہ امریکہ کو تسلیم کرلینا چاہۓ کہ اس کی حکمرانی کا زمانہ بیت چکا ہے۔
سید مسعود جزائری نے اس بات کو بیان کرتے ہوے کہ بہت سے شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ گیارہ ستمبر کے واقعات میں خود امریکی حکومت ملوث تھی کہا کہ اب تک امریکی حکام کے خلاف مقدمہ
چلاۓ جانے کی راہ میں جو چیز حائل رہی ہے وہ صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ ہیں جو امریکی عوام کو امریکی حکومت کے پس پردہ المناک حقائق سے آگاہ ہونے کے سدراہ ہیں۔ سید مسعود جزائری نے مزید کہا کہ امریکہ نے گیارہ ستمبر کے واقعات کے ذریعے امریکی عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلنے اور اپنے تسلط پسندانہ مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی جن میں نیا مشرق وسطی وجود میں لانے کی پالیسی سر فہرست تھی۔ سید مسعود جزائری نے مزید کہا کہ امریکی حکام اور عالمی صیہونزم گیارہ ستمبرکے واقعات کے بعد جغرافیائی ، سیاسی اور ثقافتی تبدیلیوں کے ذریعے دنیا کے اہم ترین خطے پر کم از کم ایک سو برسوں تک اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہتے تھے۔