ایران

ایران کسی کو مہم جوئي کی اجازت نہیں دے گا

motakiاسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ منوچہرمتکی نے کہا ہےکہ ایران کسی بھی ملک کو خلیج فارس میں مہم جوئي اور کشیدگي پھیلانے کی اجازت نہیں دے گا۔ منوچہرمتکی نے آج ساحلی شہر بندر عباس میں خلیج فارس بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ خلیج فارس تاریخ میں دنیا کے ایک حساس ترین علاقے کی حیثیت سے سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے اہم کردار ادا کرتا آیا ہے اور بڑی طاقتوں نے ہمیشہ اسے لالچ بھری نظروں سے دیکھا ہے۔ وزیرخارجہ منوچہرمتکی نے ان ملکوں کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہ جو خلیج فارس میں ہزاروں کیلو میٹر کے فاصلے سے  آئےہیں اور انہوں نے یہاں کے ملکوں میں خود ان کے خرچ پر فوجی اڈے قائم کئےہیں کہا کہ سب جانتےہیں کہ ان ملکوں کی لشکرکشی اور مداخلت پسندانہ موجودگي سے علاقے میں بدامنی عدم استحکام اور اختلافات کے علاوہ کچھ حاصل ہونےوالانہیں ہے بلکہ اس سے علاقائي قوموں پر بڑے بڑے فوجی بجٹوں کا بار بھی پڑ رہا ہے۔ منوچہرمتکی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ امن و برادری اور دوستی کانعرہ لگایا ہے اور کہا ہے تہران علاقائي ملکوں کے ساتھ دوطرفہ تعاون کرنے کے لئے تیارہے ، انہوں نے تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ اپنے مسلمان ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوستی اور اتحاد کی کوشش کی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ منوچہرمتکی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس میں امن قائم رکھنے میں نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے اور ایران علاقے کے لئے اپنی اس تاریخی ذمہ داری کونبھانے میں کبھی کوتاہی نہیں کرے گا اور کسی بھی ملک کو مہم جوئي اور کشیدگي پیداکرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ بیسویں خلیج فارس عالمی کانفرنس آج سے خلیج فارس اور ہمہ گیر تعاون کے عنوان سے شروع ہوئي ہے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button