حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و کمالات انسانی فہم و ادراک سے بلند ہیں، ڈاکٹر بشیر حسین نقوی
شیعیت نیوز : جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کراچی کے زیر اہتمام حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و کمالات کے موضوع پر پروگرام منعقد ہوا جس میں حجت الاسلام ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے سیدۂ کائنات کے بلند مقام و مرتبے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت ایسی عظیم ہستی ہے کہ عام انسان ان کے فضائل و کمالات کا مکمل احاطہ کرنے سے قاصر ہے اور آپ کو سیدۃ نساء العالمین یعنی تمام جہانوں کی خواتین کی سردار قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں پانچ روزہ جشن فاطمہؑ سبیل النجاۃ کا آغاز، ہزاروں طالبات شریک
ڈاکٹر بشیر حسین نقوی نے سورۂ کوثر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری رسول کو کوثر عطا کرنے کا ذکر فرمایا جو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کی طرف اشارہ کرتا ہے اور مصحفِ فاطمہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ قرآن کریم نہیں بلکہ ایک مستقل علمی ذخیرہ ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذات سے وابستہ رہیں، اپنے اعمال کی اصلاح کریں اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کو عملی زندگی میں اپنائیں کیونکہ آپ کی خوشنودی اور شفاعت ہر مؤمن کے لیے نجات کا ذریعہ ہے۔







