آیت اللہ خامنہ ای پر حملہ پوری دنیا میں جنگ کا محاذ کھول دے گا، علامہ سید جواد نقوی

30 جنوری, 2026 16:10

شیعیت نیوز: تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای پر کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو یہ اقدام صرف ایران پر حملہ نہیں ہوگا بلکہ پوری دنیا میں ایک وسیع محاذ جنگ کھل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای محض ایران کی کوئی سیاسی یا قومی شخصیت نہیں بلکہ امت اسلام کی علامت، تشخص اور وحدت کی نمائندگی کرتے ہیں، اور ان پر حملہ دراصل اسلام کے خلاف اعلان جنگ کے مترادف ہوگا۔

علامہ سید جواد نقوی نے مزید کہا کہ جس طرح پاکستانی قوم غزہ کی حمایت میں ڈٹ کر کھڑی رہی، اسی طرح ایران کی حمایت میں بھی کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں امریکہ اور اسرائیل کے لیے نہ کوئی ہمدردی ہے اور نہ ہی کوئی اخلاقی حمایت، کیونکہ ظلم کے ساتھ ہمدردی ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عوام ایران کے ساتھ ہیں، امریکہ کی دھمکیاں اور جنگی بحری بیڑے ناکام رہیں گے، علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ بعض حکمران طبقوں میں امریکہ کی خوشنودی اور لالچ پائی جاتی ہے مگر عوامی سطح پر امریکہ اور اسرائیل کو ظالمانہ قوتوں کے طور پر ہی دیکھا جاتا ہے۔

علامہ سید جواد نقوی نے اعلان کیا کہ 11 فروری کو پورے پاکستان میں ملک گیر سطح پر امریکہ اور اسرائیل مخالف مظاہرے کیے جائیں گے، جن میں عوام بھرپور شرکت کر کے حق کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ محض ایک سیاسی موقف نہیں بلکہ ایک ایمانی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے، اور پاکستانی قوم اپنی حسینی غیرت کے ساتھ ہمیشہ حق کا ساتھ دیتی رہے گی۔

4:19 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top