ایرانی ہیلی کاپٹر کی مداخلت پر امریکی جنگی جہاز راستہ بدلنے پر مجبور
بحیرہ عمان میں کشیدگی، ایرانی فضائی دفاع کی بروقت کارروائی سے یو ایس ایس فٹزجیرالڈ پیچھے ہٹ گیا

شیعیت نیوز: ایرانی بحریہ کے ایک ہیلی کاپٹر نے بحیرہ عمان میں امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرالڈ کو روک کر وارننگ جاری کی، جس کے بعد امریکی جہاز اپنا راستہ جنوب کی طرف بدلنے پر مجبور ہوگیا۔
ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی جنگی جہاز ایرانی بحریہ کے زیرنگرانی سمندر کے قریب آیا، جس کے ردعمل میں ایرانی بحریہ نے ایک تیز رفتار ہیلی کاپٹر روانہ کیا۔
پریس ٹی وی کے مطابق، ہیلی کاپٹر نے امریکی جہاز کے اوپر پرواز کرتے ہوئے ریڈیو کے ذریعے واضح وارننگ دی کہ وہ ایرانی نگرانی والے علاقے سے دور ہوجائے۔ اس دوران یو ایس ایس فٹزجیرالڈ کے عملے نے دھمکی دی کہ اگر ہیلی کاپٹر قریب رہا تو وہ فائر کردیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر حملے کی صورت میں دوبارہ گہرائی میں وار کریں گے، ایرانی صدر
صورتحال کشیدہ ہونے پر ایرانی فضائی دفاعی کمان نے مداخلت کی، ہیلی کاپٹر کو مکمل فضائی تحفظ میں لینے کا اعلان کیا اور امریکی جنگی جہاز کو حکم دیا کہ وہ اپنا راستہ تبدیل کرے۔ ایرانی فضائیہ کی مداخلت کے بعد امریکی جہاز نے اس حکم کی تعمیل کی اور متنازعہ علاقے سے جنوب کی طرف رخ موڑ لیا۔
ایران اور امریکہ کے بحری دستوں کے درمیان 1980 کی دہائی کے بعد سے خلیج فارس، خلیج عمان اور آبنائے ہرمز میں اس نوعیت کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔
2019 میں ایران نے ایک امریکی جاسوس ڈرون RQ-4A گلوبل ہاک کو مار گرایا تھا، جو اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔
ایرانی بحریہ وقتاً فوقتاً خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں بڑے پیمانے پر عسکری مشقیں کرتی ہے تاکہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ اور غیر ملکی طاقتوں کو خبردار کیا جاسکے۔