اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

علامہ باقر زیدی کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے اور کراچی کی خستہ حالی پر شدید ردعمل

وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو عوام دشمن قرار، دفاعی بجٹ میں کمی اور مافیاز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ حکومت کراچی کی خستہ حالی پر رحم کرے۔ راتوں رات پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، اور ہم اس اقدام کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ایک ماہ میں دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ وفاقی حکومت کی بھتہ خوری کے مترادف ہے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی کمی کرے۔ ملک میں نہ کوئی واضح معاشی پالیسی نظر آتی ہے اور نہ ہی اقتصادی استحکام۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے، جبکہ پاکستان میں اضافہ جاری ہے۔ نالائق حکومت اپنا اضافی بوجھ عوام پر ڈال کر مسائل میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : علامہ سید ساجد علی نقوی کا بارش و سیلاب سے نقصان پر اظہار افسوس

انہوں نے کہا کہ حکومتی مشینری بشمول عسکری قیادت، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مزید پریشان کر رہی ہے۔ اگر ملک کی عوام فاقوں سے مر جائے گی تو پھر آپ کس عوام کا دفاع کریں گے؟ دفاعی بجٹ میں اضافے کو بھی واپس لیا جائے تاکہ اس کا بوجھ عوام سے کم ہو۔

انہوں نے زور دیا کہ مافیاز کے خلاف آپریشن کے بغیر عوام کو سہولیات دینا ممکن نہیں۔ پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے اشیاء کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں، مگر جب پیٹرول سستا ہوتا ہے تو قیمتیں ویسی کی ویسی رہتی ہیں۔ حکومت مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا فوری اعلان کرے۔

علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ سندھ اور شہری حکومت کراچی کی زبوں حالی پر رحم کرے۔ سارا ملبہ وفاق پر ڈال کر اپنی ذمہ داری سے فرار نہ ہو۔ شہر کے عوام پانی، بجلی، گیس سمیت عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ہر روز شہری کسی نہ کسی جرم کا شکار ہو رہے ہیں۔ شہریوں کو منظم منصوبہ بندی کے تحت مجرم بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی تناسب سے کم کی جائیں، اور شہر میں موجود زمین، ٹرانسپورٹ، پانی، کے الیکٹرک، گراں فروش اور دیگر مافیاز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button