وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات، ایران دفاع کا حق رکھتا ہے
ایرانی وزیر خارجہ سے غیر رسمی ملاقات میں پاکستانی وزیر خارجہ نے اسرائیل اور امریکا کے ایران پر بلاجواز اور غیرقانونی حملوں پر اظہار مذمت کرتے ہوئے ایران کے حق دفاع کی حمایت کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا
شیعیت نیوز : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ترکیہ میں ملاقات کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ برادر سید عباس عراقچی سے استنبول میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے 51ویں وزرائے خارجہ کانفرنس میں غیر رسمی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں انہوں نے اسرائیل اور امریکا کے ایران پر بلاجواز اور غیرقانونی حملوں پر اظہار مذمت کرتے ہوئے ایران کے حق دفاع کی حمایت کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں ابھرتی ہوئی صورت حال پر ایرانی کے مؤقف سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کیلئے نوبل انعام کی سفارش کرنا بلنڈر ہے، نائب امیر جماعت اسلامی
او آئی سی اجلاس میں پاکستان کی جانب سے ایران پر اسرائیل کے بلاجواز اور غیرقانونی حملوں اور اس کے ساتھ ہی ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کی۔
قبل ازیں گزشتہ روز وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں خطاب کے دوران اسرائیل کو دہشت گرد ملک قرار دیتے ہوئے ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔
اسرائیل کے اقدامات کی وجہ سے مشرق وسطیٰ اور دنیا کا امن خطرے سے دوچار ہے۔