ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور محمد بن سلمان کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ
ایران و سعودی عرب کا خطے میں امن و اتحاد کے فروغ پر اتفاق، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

شیعیت نیوز : ایرانی مسعود پزشکیان نے ہفتہ کی شب کو سعودی ولیعہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو میں ان کی برادرانہ ہمدردی اور خیرسگالی کے جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا
"سب سے پہلے میں خادم الحرمین الشریفین اور برادر ملک سعودی عرب کے متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے حجاج بیت اللہ الحرام کی خدمت میں برادرانہ اور مخلصانہ تعاون پیش کیا۔”
صدرِ ایران نے صہیونی حکومت کے حملات کو اس رژیم کی جارحانہ فطرت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا:
"میں نے بطور صدر آغاز سے ہی علاقے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے کام کیا، مگر اسرائیل نے ہر میدان میں جہاں ہم کوئی پیشرفت کرنا چاہتے تھے، رکاوٹیں کھڑی کیں۔”
پزشکیان نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و اخوت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا:
"صہیونی حکومت کی غزہ میں جنایتوں کو روکنے کے لیے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد بہت ضروری ہے۔ سعودی عرب اپنی علاقائی اور عالم اسلام میں اہم حیثیت کے باعث مسلم دنیا میں اتحاد کو مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہم باہمی تعاون سے پورے خطے میں سکون و استحکام لا سکتے ہیں۔”
یہ بھی پڑھیں : آئی اے ای اے: ایران کی جوہری تنصیبات محفوظ، صہیونی حملے پر ہنگامی اجلاس طلب
سعودی ولیعہد محمد بن سلمان نے اس موقع پر صہیونی حکومت کی ظالمانہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے، ایران کے ساتھ ہمدردی اور سانحے پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا:
"سعودی عرب، اسلامی جمہوریہ ایران کے اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، اور آج پوری مسلم دنیا متحد ہو کر آپ کی حمایت کر رہی ہے۔ میں اپنی تمام سفارتی سرگرمیوں میں اسرائیل پر دباؤ ڈالنے اور اس کی جارحیت روکنے کی کوشش کر رہا ہوں۔”
محمد بن سلمان نے مزید کہا:
"ہمیں یقین ہے کہ اسرائیل دانستہ طور پر ان کشیدگیوں کو بڑھا رہا ہے تاکہ امریکہ کو ان میں مداخلت پر مجبور کرے، لیکن ہمیں یہ بھی یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا دانشمندانہ ردعمل انہیں اس موقع سے محروم رکھے گا۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک ایران کے اپنے بھائیوں کی مدد میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دے گا۔