ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین کے تحت اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج
اسرائیل کو امریکی سرپرستی میں خطے کا دہشتگرد قرار، اسلامی دنیا سے عملی اقدامات کا مطالبہ

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاجات کیے گئے۔ چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امام بارگاہ اثنا عشری، جی-سکس/ٹو کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے میں علمائے کرام، خواتین، بچوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ بشیر نجفی کی ایران پر صہیونی حملے کی شدید مذمت
صدر مجلس علمائے مکتب اہلِ بیت، علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
"اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ اس نے پورے خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے لیا ہے، اور اس جارحیت میں مکمل طور پر امریکہ کی مدد شامل ہے۔ عالمِ اسلام کو متحد ہو کر ان دہشتگردانہ کارروائیوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ امریکہ نے اسرائیل کو خطے میں پاگل کتے کی طرح چھوڑ دیا ہے جو ہر طرف حملہ آور ہو رہا ہے۔ اسرائیل کی لگام امریکہ کے ہاتھ میں ہے۔”
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید ظہیر عباس نقوی نے کہا:
"امریکی سرپرستی میں ایران پر اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور ریاستی خودمختاری کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اس جارحیت پر اسلامی دنیا کی خاموشی لمحۂ فکریہ ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام اسلامی ممالک اسرائیل کے جارحانہ عزائم کے خلاف آواز بلند کریں اور برادر اسلامی و ہمسایہ ملک ایران کی سفارتی، اخلاقی اور ممکنہ حد تک عملی امداد کریں۔”
مولانا مصطفی حیدر نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا:
"عالمی دہشت گرد اسرائیل اور اس کا سرپرست امریکہ، مشرق وسطیٰ کو بدامنی، تباہی اور جنگ کی آگ میں دھکیل چکے ہیں۔ یہ ناپاک سازش صرف ایران نہیں، بلکہ ہر آزاد اور غیرت مند مسلم ملک کے خلاف ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور پوری مسلم دنیا اسرائیل کی اس بزدلانہ جارحیت کا فوری نوٹس لے اور عملی اقدام کرے۔”