امام زمانہ (عج) کے قریب ترین فرد ولی فقیہ ہیں، حجت الاسلام کاظم صدیقی
نماز جمعہ میں انقلاب اسلامی کو فاطمی انقلاب اور محاذ مقاومت کو اسلام و کفر کی جنگ کا مرکز قرار دیا

شیعیت نیوز: حجت الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی نے تہران میں نماز جمعہ کے خطبے میں ولی فقیہ کو امام زمانہ (عج) کے قریب ترین فرد قرار دیا جو معاشرتی انحرافات کا خاتمہ کرتا ہے۔ انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی، امام خامنہای کو اللہ کی جانب سے امت کے لیے ایک عظیم ذخیرہ قرار دیا اور ان کی صحت اور طویل عمر کے لیے دعاؤں کی اپیل کی۔
حجت الاسلام صدیقی نے انقلاب اسلامی کو فاطمی انقلاب کا نام دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد اسلام کو کتابوں سے نکال کر عملی زندگی میں نافذ کرنا تھا۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو اسلامی اقدار کے احیاء کے لیے اہم ترین وسیلہ قرار دیا۔
خطبہ جمعہ میں محاذ مقاومت کو اسلام اور کفر کی جنگ کا خط مقدم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ موجودہ جنگ دین و بی دینی، حق و باطل، اور شرافت و شرارت کے درمیان ہے، نہ کہ صرف اسرائیل کی لبنان اور غزہ کے خلاف جارحیت تک محدود۔
تہران کے عارضی امام جمعہ نے حضرت فاطمہ زہرا (س) کی شخصیت کو ولایت کی محافظ اور ایثار و قربانی کا استعارہ قرار دیا۔ ان کے مطابق حضرت فاطمہ (س) نے اپنی جان اور فرزند کی قربانی دے کر ولایت کا دفاع کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ایران نے امریکی میڈیا کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا
رہبر انقلاب اسلامی نے حضرت زہرا (س) کی زندگی کو بے مثال قرار دیا اور امام خمینی (رہ) کا قول دہرایا کہ اگر حضرت فاطمہ (س) مرد ہوتیں تو امام بنتیں۔
حجت الاسلام صدیقی نے امریکہ کو غارتگری، تسلط اور بغاوتوں کا مرکز قرار دیا اور کہا کہ اس کے سیاسی نظام میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹس کے درمیان کوئی فرق نہیں۔ انہوں نے امریکی حکومت کی اسرائیل نواز پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ امریکی صدر کی کابینہ دشمنانِ ایران پر مشتمل ہے۔
انہوں نے اسلامی ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے فلسطین کی حمایت نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ خطبے میں کہا گیا کہ دو ریاستی حل اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ مظلوم فلسطینیوں اور لبنانیوں کے خون کا انتقام لے۔
خطیب نماز جمعہ نے تقویٰ کو نیکیوں کی قبولیت کی بنیاد قرار دیا اور خواتین کو عفت اور حجاب کا دامن تھامے رکھنے کی تلقین کی۔