ایران

عراق اور شام میں امریکی افواج پر حملے میں ہماری کوئی مداخلت نہیں ہے، سعید ایروانی

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل میں امریکی دعووں کو بے بنیاد قراردیا ہے۔

نیویارک سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے منگل 7 نومبر کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئر مین کے نام اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ یہ خط سلامتی کونسل کے چیئر مین کے نام امریکی مندوب کے 30 اکتوبر کے خط نمبر 813/2023/S کے جواب میں لکھا گیا ہے جس میں انھوں نے ایران کے خلاف بے بنیاد اور غیر ثابت شدہ دعوے کئے ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سینیئر سفارت کار نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ ’’مذکورہ خط میں کئے جانے والے سارے دعوے بے بنیاد ہیں جنہیں ‎سختی کے ساتھ مسترد کیا جاتا ہے ۔ عراق اور شام میں امریکی فوجیوں کے خلاف کسی اقدام یا حملے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی کوئي مداخلت نہیں ہے۔‘‘

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے لکھا ہے کہ ’’ اقوام متحدہ کے منشور کی شق نمبر 51 کے مطابق ، شام میں غیر فوجیوں اور حیاتی اہمیت کی تنصیبات پر غیر قانونی فوجی حملوں کو اپنے دفاع کا حق قرار دینے کی امریکہ کی کوششوں کی کوئي قانونی بنیاد نہیں ہے ۔ ‘‘

یہ بھی پڑھیں : اسلامی ممالک صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم رکوانے کے لئے فوری اقدام کریں، قالیباف

انھوں نے لکھا ہے کہ ’’امریکہ اقوام متحدہ کے منشور کی شق نمبر 51 کی غلط اور خودسرانہ تشریح کرتا ہے اور ان بے بنیاد دعوؤں کا واضح مقصد شام میں امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی مستقل خلاف ورزیوں کی توجیہ پیش کرنا ہے۔ ‘‘

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ ’’بین الاقوامی قوانین کے مطابق قبضہ کرنے والا ملک مقبوضہ قلمرو میں، اپنے غیر قانونی اقدامات کے لئے اپنے حق دفاع کا سہارا نہیں لے سکتا ۔‘‘

امیر سعید ایروانی نے یاد دہانی کرائي ہے کہ ’’اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بارہا اپنے ملک میں امریکی افواج کی غیر قانونی موجودگی کی مخالفت کا اعلان اور اس کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نیز شام کی سیاسی خود مختاری، ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کو نظر اندازکرنا قرار دے چکے ہیں۔‘‘

انھوں نے لکھا ہے کہ ’’عرب جمہوریہ شام بارہا ریاستہائے متحدہ امریکہ سے مطالبہ کرچکا ہے کہ شام میں اپنی غیر قانونی فوجی موجودگی اورشامی علاقوں پر قبضے کو ختم کرے ۔‘‘

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اپنے اس خط میں تاکید کی ہے کہ ’’ریاستہائے متحدہ امریکہ اپنے غیر قانونی اقدامات کا سلسلہ بند کرے، غیر قانونی قبضہ ختم کرے، بین الاقوامی معاہدوں نیز سلامتی کونسل کی ان تمام قرار دادوں کی پابندی کرے جن میں شام کی ارضی سالمیت، خودمختاری اور قومی اقتدار اعلی کے احترام اور حمایت کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔ یہ بین الاقوامی اور علاقائي امن و سلامتی کے فائدے میں ہے۔ ‘‘

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اپنے اس مکتوب میں وضاحت کی ہے کہ شام میں ایران کی موجودگی دمشق حکومت کی درخواست پر دہشت گردی کے مقابلے کے لئے اور مکمل طور پر قانونی ہے۔ ایران ایک بار پھر شام کی سیاسی خومختاری، وحدت، ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے احترام پر زور دیتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button