عراق

اربعین کے دوران سیکورٹی بحال رکھنے کے لئے کربلا پولیس کی خصوصی مشقیں

شیعیت نیوز: کربلا پولیس کے مطابق اربعین کے دوران زائرین کی حفاظت اور امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز کے خصوصی دستوں نے صوبے کے شمال میں مشقیں شروع کی ہیں۔

بغداد الیوم نے خبر دی ہے کہ کربلا پولیس کے مرکز سے جاری سے ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے شمالی حصوں میں سیکورٹی فورسز نے خصوصی مشقیں شروع کی ہیں تاکہ اربعین کے دوران زائرین کی حفاظت اور صوبے کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز کے مختلف دستے شمالی علاقوں الوند، الرفیع اور الخنافسہ میں مشقوں میں مصروف ہیں۔ نیشنل سیکورٹی اور فضائیہ سے تعلق رکھنے والے اینٹی ٹیریرسٹ گروپ، آپریشنل ٹیم اور بم ڈسپوزل ٹیم پولیس کی نگرانی میں ہونے والی مشقوں میں شامل ہیں۔

صوبہ کربلا کی پولیس نے مزید کہا ہے کہ مشقوں کے ابتدائی مرحلے میں صوبے کے صحرائی علاقوں اور غیر آباد قصبوں کی چھان بین کی گئی ہے تاکہ شرپسندوں کی جانب سے ان علاقوں سے حملوں کے خطرات کو دور کیا جائے۔

پولیس کے مطابق اربعین کے آخر تک یہ مشقیں اور کاروائیاں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو ہتھیار ڈالنے تک نہیں چھوڑیں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

دوسری جانب کربلا میں زائرین امام حسین علیہ السلام کو خدمات فراہم کرنے کے لئے شہر کے تمام اداروں میں 12 دن کی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں گورنر کربلا کے دفتر کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ آئندہ اتوار سے اگلے جمعرات تک بارہ دنوں کے لئے تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے۔

دوسری جانب نجف اشرف کے گورنر ہاؤس کی جانب سے بھی اسی قسم کا اعلامیہ صادر کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ زائرین حسینی کو خدمات فراہم کرنے کے لئے اس صوبے کے ادارے دو ہفتوں کے لئے بند رہیں گے۔

نجف کے گورنر ماجد عذاب الوائلی نے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ صوبے کے سرکاری دفاتر 27 اگست سے 11 ستمبر تک بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ کربلا و نجف کے گورنرز کی جانب سے اس فیصلے کا مقصد زائرین ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کی بھرپور خدمت کرنا ہے۔

قابل غور بات یہ ہے کہ ایران و عراق میں رواں برس 6 ستمبر کو اربعین حسینی ہے، جس میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے لاکھوں زائرین کربلاء کا رُخ کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button