سید علی گیلانی (رہ) وارث راہ انبیاء و اوصیاء (ع) ہیں،یوتھ فورم فار کشمیر کراچی
اس کانفرنس میں صابر ابو مریم (فلسطین فاونڈیشن)، منوج چوہان (ہندو اسکالر)، سردار امر سنگھ (سکھ رہنما)، مولانا ثقلین زکزاکی (نوجوان اسکالر) اور دیگر علماء و اکابرین نے بھی شرکت و گفتگو کی۔

شیعیت نیوز: یوتھ فورم فار کشمیر کراچی کے زیراہتمام یکم ستمبر 2022ء کو حریت رہنماء سید علی گیلانی (رہ) کی برسی کی مناسبت سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں مولانا محمد احمد فاطمی مدیر اعلیٰ موسسہ تبیین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی (رہ) لاریب وارث انبیاء و اوصیاء (ع) ہیں۔ وہ صاحب علم و بصیرت جس نے راہ انبیاء و اوصیاء (ع) کو زندہ کیا، آج اگر یہ عصر بالفرض عصر حضورِ انبیاء و اوصیاء (ع) ہوتا تو کشمیر سے متعلق انبیاء و اوصیاء (ع) بھی یہی راہ مقاومت و حریت اپناتے۔ الله تعالیٰ کا فرمان ہے کہ مومنین میں سے کچھ ایسے جوانمرد ہیں، جو اپنے عہد الہیٰ کو ایفاء کرتے ہیں، حتی کہ اسی راہ پر اپنی جان جان آفریں کے سپرد کر دیتے ہیں، سید علی گیلانی (رح) انہی میں سے تھے، جن کو پوری زندگی اسی راہ آزادی پر گزری اور اب اگر ہم اس ہستی کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں تو لازم ہے کہ ہم ان کی راہ کو، ان کی فکر کو، ان کی روش کو سمجھیں اور نئی نسلوں کو سمجھائیں۔
یہ بھی پڑھیں: آج دنیا ایران کی حقانیت سے واقفِ ہوگئی ہے، تسلط قبول نہیں کریں گے، صدر مملکت رئیسی
وادی کشمیر وہ مقاومت خیز وادی ہے، جس کا ہر فرزند عزت اسلام و عظمت انسانیت کا علمبردار ثابت ہوا، علامہ اقبال کے آباء بھی اسی وادی سے تھے، امام خمینی (رہ) کے اجداد کرام بھی اسی وادی سے تعلق رکھتے تھے۔ ہم اور آپ یہ ملت سید علی گیلانی (رہ) کی وارث ہے، حکومتیں اس سے پہلے بھی کسی حریت پسند کی وارث نہیں رہیں، اب بھی ان سے کوئی امید نہیں ہے، مگر یہ وارثت ملتوں کے پاس آتی ہے اور ہمارے پاس یہ امانت ہے۔ اس کانفرنس میں صابر ابو مریم (فلسطین فاونڈیشن)، منوج چوہان (ہندو اسکالر)، سردار امر سنگھ (سکھ رہنما)، مولانا ثقلین زکزاکی (نوجوان اسکالر) اور دیگر علماء و اکابرین نے بھی شرکت و گفتگو کی۔