دنیا

طالبان نے مختلف علاقوں سے داعشی دہشت گرد گروہ کے چھے سو عناصر کو گرفتار کرلیا

شیعیت نیوز: افغانستان میں طالبان نے مختلف علاقوں سے داعشی دہشت گرد گروہ کے چھے سو عناصر کو گرفتار کرلیا۔

افغانستان میں طالبان کے عبوری نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب میں افغانستان میں داعش دہشت گردوں پر قابو پانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش کے 600 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ داعش دہشت گرد افغانستان میں بہت زیادہ نہیں اور نہ ہی انہیں یہاں حمایت حاصل ہے۔

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ طالبان مسلسل داعش کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ افغانستان میں موجود داعش ، عراق اور شام والے داعشی نہیں۔ یہاں موجود داعش دہشت گرد زیادہ تر مقامی افراد ہیں جو عراق، شام والے داعش سے متاثر ہیں۔

طالبان کے نائب وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں موجود داعش خراسان سے دیگر ممالک کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بڑی مشکل میں پھنس گئے

الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کی انٹیلیجینس ادارے نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ داعشی دہشت گرد گروہ کے چھے سو عناصر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

طالبان کی عبوری حکومت کے انٹیلیجینس ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے اقتدار میں آنے سے قبل جیلوں سے داعشی عناصر کا فرار افغانستان میں بدامنی و دہشت گردانہ حملوں کا باعث بنا ہے۔

افغانستان میں طالبان کے برسر اقتدار آنے کے بعد اس ملک کے مختلف صوبوں منجملہ ننگرہار، کنڑ، خوست، کابل، قندہار اور قندوز میں متعدد حملے اور دہشت گردانہ بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں سیکڑوں کی تعداد میں بے گناہ عام شہری مارے جا چکے ہیں۔

افغانستان میں طالبان کے بر سر اقتدار آنے کے بعد بیشتر حملوں اور دھماکوں کی ذمہ داری، دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی ہے، حالانکہ افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے ملک میں داعش دہشت گرد گروہ کا قلع قمع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button