فلسطین، جبل صبیح کے مقام پر فلسطینی مظاہرین پر صیہونی فوج کی فائرنگ، 82 زخمی

شیعیت نیوز: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہرنابلس میں جبل صبیح میں اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے 82 فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔
ہلال احمرفلسطین کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہرنابلس میں جبل صبیح کے مقام پراسرائیلی فوج کی فائرنگ،آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کی فائرنگ سے 82 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ان میں سے 12 فلسطینی دھاتی گولیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے نمازجمعہ کے بعد جبل صبیح کے مقام پر فلسطینی شہریوں کے گھروں پر فائرنگ کی۔
اسرائیلی فوج نے جبل صبیح میں ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں کے دوران فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف غزہ اور مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی سرحدوں پر مظاہروں کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے۔
گزشتہ ہفتے بھی صیہونی فوجیوں نے نابلس کے علاقے بیتا میں فلسطینی مظاہرین کو وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : شام کے فضائی دفاعی سسٹم نے اسرائیل کے فضائی حملے کو ناکام بنا دیا
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر رام اللہ میں ایک کارروائی کے دوران تین حقیقی بھائیوں سمیت مزید سات فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے جلزون کیمپ سے محمد نضال الحطاب، مسعود زھیر، صمادعہ،رنتیس سے مصطفیٰ ، علی اور حمدان خلف نامی تین حقیقی بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔ اس کے علاوہ رام اللہ شہر سے حسان اشتیہ کو حراست میں لے لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے سام عودہ الرنتیسی کو رام اللہ میں عین مصباح کے مقام سے گرفتارکیا۔
دریں اثناء رکاوٹوں اور ناکہ بندی کے باوجود مسجدالاقصی میں نماز جمعہ کے روح پرور اجتماع میں 45 ہزار فلسطینیوں نے شرکت کی۔
قدس شریف کے ادارہ اوقاف کے اعلان کے مطابق گزشتہ ہفتے کی طرح اس جمعہ کو بھی اسرائیل نے مسجدالاقصی کی جانب جانے والی سڑکوں کی ناکہ بندی کی اور رکاوٹیں کھڑی کیں لیکن اس کے باوجود فلسطینی اللہ اکبر کے نعرے لگاتے ہوئے مسجد الاقصی میں داخل ہوئے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب صیہونی فوجیوں نے طاقت کے زور پر فلسطینیوں خاص طور پر نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو مسجد کے اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ اس موقع پر فلسطینی نمازیوں نے قدس شریف اور غزہ کے لوگوں کی حمایت میں نعرے لگائے۔