ایرانی سپریم لیڈر کا عوام کیلیے ہر ممکن طریقے سے کورونا ویکسین کی فراہمی پر زور
شیعیت نیوز: ایرانی سپریم لیڈر نے آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے کورونا ویکسین کی درآمدات اور پیداوار پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ کورونا ویکسین کی باہر سے درآمد اور ملک کے اندر پیداوار کے سلسلے میں کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے بدھ کی صبح ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے اپنے بیان میں، کورونا کی بیماری کے بے تحاشا پھیلاؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، اسے ملک کا پہلا اور فوری مسئلہ بتایا ہے۔
انھوں نے اس بیماری سے مقابلے کے لیے ٹھوس فیصلے اور اقدامات کیے جانے پر زور دیتے ہوئے حکام اور عوام سے خطاب میں اہم سفارشات کیں اور اہم نکات بیان کیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے ویکسین کی درآمد اور پیداوار پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ کورونا ویکسین کی باہر سے درآمد اور ملک کے اندر پیداوار کے سلسلے میں کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ لبنان کے جوانوں کا سید حسن نصراللہ کے ساتھ تجدید بیعت کا اعلان
آیت اللہ خامنہ ای نے کورونا وائرس کی نئی لہر کی تیزی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ عزاداروں کو مجالس عزا میں طبی دستورات پر مکمل طور پر عمل کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صدر رئیسی کی طرف سے کورونا وائرس کے مقابلے کے سلسلے میں فیصلوں اور تجاویز کو ایک ہفتہ کے اندر پیش اور جمع کرنے کے اقدام کو اچھا اقدام قراردیتے ہوئے فرمایاکہ کوروناوائرس کی روک تھام اور اس کے علاج کے سلسلے میں ٹھوس اور فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ طبی پروٹوکول کے مطابق عمل کریں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے حکام پر زور دیا کہ وہ کورونا ٹیسٹ کے سلسلے میں اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے اور مدد فراہم کرنے کے سلسلے میں ایران کی مسلح افواج کورونا کے آغاز سے ہی مدد فراہم کررہی ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مجالس عزا میں طبی دستورات پر عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ مجالس عزا کو کورونا وائرس کے پھیلنے کے مرکز میں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے اور مجالس عزا کو دشمنوں کے الزامات اور طعنوں سے بچانا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی تمام مؤمنین اور دنیا بھر کے تمام انسانوں کو اس وبا سے نجات عطا فرمائے۔