جشن آزادی اوراحترام محرم الحرام، مفتی حنیف قریشی نے وزیر داخلہ شیخ رشید سے بڑا مطالبہ کردیا
مفتی حنیف قریشی نے مزید کہا کہ شور شرابے اور خوشیوں کے اظہار کے بجائے قرآن خوانی، نعت خوانی اور ایصال ثواب کی محافل منعقد کی جائیں

شیعیت نیوز: معروف عالم اہل سنت مفتی محمد حنیف قریشی نے احترام محرم الحرام میں جشن آزادی پاکستان کی رنگا رنگ تقریبات کی منسوخی کا مطالبہ کردیا۔ رسول اکرم ؐ اور اہل بیت اطہارؑ کے غم کےپیش نظر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے بھی لال حویلی میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب کو سادگی سے منانے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق اہل سنت عالم دین مفتی حنیف قریشی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام میں ہم دکھ اور پریشانی میں ہوتے ہیں ہمارا کلچر ہے کہ ہم محرم الحرام میں جشن اور خوشیوں کی تقریبات منعقد نہیں کرتے،یہ ایام رسول اللہ ؐ اور اہل بیت اطہارؑ کے لئےغم وپریشانی کے ایام ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردافغانی شہری عبد اللہ سندہی ملعون کی مولا حسین (ع) کے نام مبارک کے بینرز کی بے حرمتی،مومنین کے دھرنے جاری
انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ حضوراکرم ؐ کی خوشی میں خوش اور ان کے غم میں غمگین ہوتی ہے، میں اپنے اس پیغام کے ذریعے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد صاحب سے بھی گذارش کرتا ہوں کہ آپ جشن آزادی پر جو آتش بازی اور رنگارنگ تقریب کا انعقاد کرتے ہیں اسے احترام محرم الحرام میں سادگی کے ساتھ منائیں۔
مفتی حنیف قریشی نے مزید کہا کہ شور شرابے اور خوشیوں کے اظہار کے بجائے قرآن خوانی، نعت خوانی اور ایصال ثواب کی محافل منعقد کی جائیں اور ان کا ثواب شہدائے کربلاؑ اور اصحاب رسول ؐ کو ایصال کریں۔