اہم ترین خبریںایران

ایران ایک بڑی طاقت بن چکا ہے، ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری

شیعیت نیوز: ایران کے ایک سینئر کمانڈر حبیب اللہ سیاری کا کہنا ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے متعدد علاقوں میں اچھی پیشرفت کی ہے جس کی وجہ سے موجودہ وقت میں ایران ایک بڑی طاقت بن کر سامنے آیا ہے۔

ایرانی بحریہ کے سینئر کمانڈر ریئر ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے ایران کے دار الحکومت تہران میں ایک فوجی پروگرام سے خطاب میں کہا کہ فوج کبھی بھی کسی کو بھی ملک کے اقتدار اعلی اور قومی مفاد کے خلاف قدم اٹھانے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کا ایک ہی مشن ہے اور وہ ہے اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کی حفاظت کرنا۔

ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج کو مستقبل میں کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کے لئے اپنی جنگی توانائیوں کو اس طرح سے مضبوط کرنا چاہئے کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ اعلان کر سکیں کہ کسی بھی دشمن کو ملک کے مفاد اور علاقائی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کی اعلی صلاحیتوں سے صیہونی حکومت شدید پریشان، صیہونی میڈیا

دوسری جانب ایران اور روس کی بحریہ کے سربراہوں کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔

ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمیرل حسین خانزادی نے اپنے روسی ہم منصب ایڈمیرل لیومین یوف سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین بحری تعاون کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔

دفاعی و سکیورٹی مقاصد کے تحت لازمی مشترکہ اقدامات، مشترکہ فوجی مشقوں کا انعقاد، دنیا کے اسٹریٹیجک علاقوں میں دونوں بحریہ کے فلیٹ کی موجودگی میں اضافہ اور مشترکہ خطرات سے مقابلے کے لئے دونوں ممالک کی یک سوئی، یہ وہ موضوعات تھے جن پر ایرانی و روسی بحریہ کے کمانڈروں نے تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایران کی نیول فلیٹ سیون سیون، روس میں منعقدہ بحری پریڈ میں شریک ہوئی تھی۔ یہ خصوصی پریڈ روسی بحریہ کی تاسیس کے تین سو پچیس سال مکمل ہونے پر سین پیٹرزبرگ کی بندرگاہ پر منعقد کی گئی جس میں دنیا کے بیس سے زائد ممالک نے حصہ لیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button