عراقی رضاکار فورس عصائب اہل الحق نے امریکہ کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا

شیعیت نیوز: عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی میں شامل یونٹ عصائب اہل الحق کے سکریٹری جنرل نے امریکیوں سے مقابلے اور غاصبوں کے خلاف حملے تیز کرنے پر تاکید کی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عصائب اہل الحق کے سکریٹری جنرل قیس الخزعلی نے عراق اور شام کے سرحدی علاقے میں رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ٹھکانے پر امریکیوں کے حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پوری طرح سے تیار ہیں اور پوری طاقت کے ساتھ جواب دیں گے۔
قیس الخزعلی نے کہا کہ ان کی تحریک نے امریکی فوجیوں سے مقابلہ کرنے اور غاصبوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا جواب دیں گے جس کی امید دشمنوں کو کبھی نہیں ہوگی، نہ ہتھیاروں کے حساب سے اور نہ ہی جگہ اور وقت کے حساب سے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم مزاحمتی محاذ کا حصہ ہیں لیکن ہمارا ایٹمی مسئلے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی اتحاد کی یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری
دوسری جانب عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ٹھکانے کو نشانہ بنائے جانے کی امریکی کارروائی کے بعد عراقی رضاکار فورس حشد الشعبی کی حزب اللہ بریگیڈ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ امریکہ کو عراق سے فورا نکل جانا چاہئے، کہا کہ اس بار جواب بہت سخت ہوگا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ بریگیڈ کے ترجمان محمد محیی نے بدھ کے روز امریکہ کی حالیہ جارحیت پر اسے خبردار کیا ہے۔
الغدیر ویب سائٹ کے مطابق حزب اللہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی فوجیوں کو فورا عراق سے نکلنا ہوگا اور اگر وہ عراق سے نہیں نکلے تو اس بار جواب بہت سخت ہوگا۔
حزب اللہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عراقی عوام کو ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی قبول نہیں ہیں اور امریکہ کی جارحیت منظم اور پہلے سے تیار شدہ پروگرام کے تحت ہوتی ہے۔
عراقی حزب اللہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ عراق میں اس لئے باقی ہے تاکہ وہ ملک کی سیاسی صورتحال پراپنا تسلط برقرار رکھے۔