اہم ترین خبریںعراق

امریکہ کو ہمارے انتقام کا تلخ ذائقہ چکھنا پڑے گا، عراقی اسلامی مزاحمتی گروہ

شیعیت نیوز: سرگرم عراقی اسلامی مزاحمتی گروہوں نے شام اور عراق کی سرحد کے قریب علاقے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کے ٹھکانے پر امریکہ کے فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے امریکی حکومت کو شدید نتائج کی دھمکی دی ہے۔

عراقی اسلامی مزاحمتی گروہوں نے اس بارے میں ایک مشترکہ بیانیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے: ہم بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ عراق میں امریکہ کی فوجی موجودگی ملکی آئین کے خلاف ہے۔ لہذا ہم ہر گز امریکہ کے دشمنانہ اقدامات اور عراقی شہریوں کے خلاف جارحیت پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ عراقی حکام کو ہمارا یہ پیغام سمجھ لینا چاہئے۔

اس بیانئے میں مزید کہا گیا ہے: امریکی بدستور عراقی اسلامی مزاحمتی گروہوں کے خلاف مجرمانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یقیناً حشد الشعبی کے شہداء کے خون کا انتقام ان سے لیا جائے گا۔ امریکی دشمن انتقام کا مزہ ضرور چکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سید ابراہیم رئیسی کی فتح سے امریکہ غصے میں ہے، عراقی سید الشہداء بریگیڈ

اس سے پہلے عراقی اسلامی مزاحمتی گروہ سید الشہداء بریگیڈز نے ایک علیحدہ بیانیہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا: اس کے بعد امریکی قابض قوتوں کے خلاف ہماری جنگ نامحدود ہو گی۔ اس بارے میں ہمارا پہلا قدم عراق کی فضائی حدود میں امریکی جارح جنگی طیاروں کو نشانہ بنانا ہو گا۔

یاد رہے آج صبح (پیر 28 جون 2021ء) شام اور عراق کی مشترکہ سرحد کے قریب علاقے البوکمال میں امریکی جنگی طیاروں نے حشد الشعبی کے ایک ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس میں کئی افراد شہید اور زخمی ہو گئے۔ شہید ہونے والے افراد میں ایک بچہ اور تین عام شہری بھی شامل ہیں۔

امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے یہ حملہ دہشت گردی کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انجام دیا ہے! امریکہ کا یہ فضائی حملہ ایسے وقت انجام پایا ہے جب عراق کی اکثر سیاسی جماعتیں اور گروہ امریکہ سے جلد از جلد عراق کی سرزمین ترک کر دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی ولی عہد بن سلمان نے اپنے چچازاد بھائی کے لئے سزائے موت کا فرمان جاری کردیا

عراقی پارلیمنٹ کے رکن ایوب الربیعی نے اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: امریکہ عراق سے فوجی انخلاء کا ارادہ نہیں رکھتا۔ جبکہ دوسری طرف اراکین پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت سے ملک سے امریکہ کے جلد از جلد فوجی انخلاء کا بل منظور کر رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: عراق کے اکثر سیاسی گروہوں اور رہنماوں کی جانب سے امریکہ کے فوجی انخلاء کے مطالبے کے باوجود ایسے شواہد دکھائی دیتے ہیں کہ واشنگٹن فوجی انخلاء میں سنجیدہ نہیں ہے۔

اسی طرح اس سے پہلے فتح اتحاد کے سربراہ ہادی العامری نے بھی امریکہ کے ناپاک عزائم کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا: حقیقت یہ ہے کہ امریکہ کے مقابلے میں ہم سب کا موقف واضح ہے۔ ہم عراق سے امریکی فوجیوں کا جلد از جلد انخلاء چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا: ہم ہر گز اپنی سرزمین پر امریکی قبضے کو قبول نہیں کریں گے۔ ہم امریکہ سے کسی قسم کا فوجی تعلق بھی نہیں رکھنا چاہتے۔ ہمارا یہ اٹل اور دوٹوک موقف ہے جو کبھی بھی تبدیل نہیں ہو گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button