اگر جنگ ہوئی تو اسرائیل کو جہنم میں تبدیل کر دیں گے، حزب اللہ رکن حسن البغدادی

شیعیت نیوز : حزب اللہ لبنان کی مرکزی کونسل کے رکن حسن البغدادی نے کہا ہے کہ اگر صیہونی حکومت کے ساتھ کوئی جنگ ہوتی ہے تو اسرائیل کو ایسی جہنم میں تبدیل کر دیا جائے گا کہ جس کے بارے میں غاصب صیہونیوں نے کبھی سوچا بھی نہیں ہو گا۔
المنار کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کی مرکزی کونسل کے رکن حسن البغدادی نے کہا ہے کہ صیہونی فوجی کمانڈر، لبنان میں حزب اللہ کے جیالوں کے خلاف بے بنیاد دعوے کر رہے ہیں جبکہ ان کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں قید صیہونی فوجیوں کی تصویر و آواز پہلی مرتبہ منظر عام پر
انہوں نے کہا کہ صیہونی فوجی اپنی شرمناک اور ذلت آمیز شکست سے کبھی عبرت حاصل نہیں کرتے جس کی بنا پر وہ حقیقی صورت حال کو صحیح طرح سے درک نہیں کر پاتے جبکہ غاصب صیہونی حکومت، بہت تیزی سے اپنے زوال کی طرف بڑھ رہی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بھی حال ہی میں غزہ اور لبنان کی مزاحمتی تحریکوں میں ہم آہنگی کی بات کہی ہے اور اعلان کیا ہے کہ ایران، حزب اللہ اور فلسطین کی تحریک مزاحمت کے درمیان نہایت اعلی سطح پر تعاون جاری ہے اور غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مانند مسلط کردہ جنگ کا مقابلہ کرنے کے لئے حزب اللہ لبنان مکمل طور پر آمادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں آج ہماری طاقت کا کوئی موازنہ نہیں ہے ہم نے اسرائیل کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا ہے۔اسرائیل بخوبی جانتا ہے کہ ہم خطے اور لبنان میں آزادی کے پرچم کو بلند کرنے میں روز بروز طاقتور ہوتے جا رہے ہیں۔