اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

اسرائیلی فوج کے قاتلانہ حملے میں فلسطینی سینیٔر صحافی شہید

شیعیت نیوز: اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں کل بدھ کے روز الشیخ رضوان کالونی میں ایک سینیٔر صحافی یوسف ابو حسین کے گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ابو حسین شہید ہوگئے ہیں۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے ابو حسین کے گھر پر تین میزائل داغے جس کے نتیجے میں وہ موقعے پر ہی شہید ہوگئے۔ بمباری میں ان کے خاندان کے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا یہ مکان الشیخ رضوان کالونی میں التقویٰ ڈسپنسری کے قریب واقع ہے۔

ادھر فلسطینی ’’وائس آف اقصیٰ ‘‘ریڈیو نے اپنے نامہ نگار اور سینیٔر صحافی یوسف ابو حسین کی شہادت کو اسرائیلی فوج کی ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے اس کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔

فلسطینی ریڈیو کے مطابق فلسطینی صحافی کو ان کی بے لاگ اور حقائق پرمبنی رپورٹنگ کی پاداش میں شہید کیا گیا ہے۔

ایک بیان میں فلسطینی محکمہ اطلاعات نے صحافی کو شہید کیے جانے کو قابض فوج کی مجرمانہ کارروائی اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کا وحشیانہ اقدام قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کے خلاف آواز اٹھانے والوں پر کالے قوانین کا اطلاق افسوسناک ہے، مولانا عباس انصاری

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے الشیخ جراح میں اسرائیلی غنڈہ گردی اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں 25 فلسطینی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے الشیخ جراح کے مقام پر نہتے فلسطینیوں پر اندھا دھند گولیاں چلائیں، آنسوگیس کی شیلنگ کی اور صوتی بموں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں دو درجن سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق الشیخ جراح میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ میں زخمی ہونے والے 25 افراد کو موقعے پر طبی امداد فراہم کی گئی جب کہ 8 زخمیوں کومزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ہلال احمر کےمطابق 6 فلسطینی شہری باب العامود کے مقام پر زخمی ہوئے جب کہ 19 شہر الشیخ جراح میں زخمی ہوئے ہیں۔ ایک فلسطینی شہری کی آنکھ میں گولی ماری گئی جس کے نتیجے میں اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button