مقبوضہ فلسطین

صیہونی فوج کےجمعہ کے روز مسجد اقصیٰ پر اشتعال انگیز دھاوے

شیعیت نیوز: اسرائیلی فوج نے سخت لاک ڈاؤن کے باوجود مسجد اقصیٰ پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کل جمعہ کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔

بیت المقدس کے ایک مقامی ذریعے نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے مسجد اقصی پر دھاوا بولا اور گھنٹوں مسجد میں گھومتے رہے۔

اس موقعے پر مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر فوج کی بڑی تعداد تعینات تھی۔ فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد کو پرانے بیت المقدس کی دیواروں کے قریب جمعہ کے روز تلمودی تعلیمات ادا کرتے دیکھا گیا ہے۔

ادھر مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کورونا کی وبا کی آڑ میں مسجد اقصی کے خلاف اپنے مذموم منصوبوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے صرف فلسطینی مسلمانوں کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جب کہ یہودی آباد کاروں کو قبلہ اوّل پر دھاوؤں کی کھلی چھوٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صدی کی ڈیل سے مقابلے کا واحد راستہ اختلافات کو ختم کرکے دوبارہ متحد ہونا ہے، ولید العوض

دوسری جانب فلسطین میں کورونا کی وبا کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں مساجد میں جمعہ کے اجتماعات پر ڈیڑھ ماہ قبل لگائی گئی پابندی ختم کردی گئی ہے۔ کل جمعہ کو غزہ کی تمام جامع مساجد میں جمعہ کی نماز ادا کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے موقعے پر صحت کے ایس اوپیز کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی گئی تھی۔

جمعرات کے روز غزہ میں فلسطینی وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا تھا کہ کورونا وبا کی وجہ سے مساجد میں  با جماعت نماز کی ادائیگی اور جمعہ کے اجتماعات پر عائد کردہ پابندی اٹھا لی گئی ہے تاہم مساجد میں آنے والے نمازیوں کو ایس او پیز کا سخت خیال کرنا ہوگا۔

غزہ میں ڈسپنریوں، بیکریوں اور دیگر کاروباری مراکز کو بھی کام کی اجازت دے دی گئی ہے۔

کل جمعہ تک غزہ کی پٹی میں کورونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 49 ہزار 187 تک پہنچ گئی تھی۔ غزہ میں اب تک کورونا سے 501 مریض وفات پا چکے ہیں جب کہ 43 ہزار صحت یاب ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button