رہبر معظم آیت اللہ علی خامنہ ای کا سپاہ پاسداران انقلاب کی کوششوں کی قدردانی

شیعت نیوز: رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دفتر کے فوجی امور کے ڈائریکٹر نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدردانی کی ہے ۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پر آج ایران نے پہلا ملٹری سیٹلائٹ ’’نور‘‘ لانچ کیا۔
رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے دفتر کے فوجی امور کے ڈائریکٹر محمد شیرازی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل سلامی کو ٹیلیفون کرکے سپاہ کے یوم تاسیس کی مناسبت سے رہبرانقلاب اسلامی کی طرف سے سپاہ کے تمام کارکنوں اور ان کے اہلخانہ کی خدمت میں سلام پیش کرتے ہوئے ان کی قدردانی کی۔
جنرل محمد شیرازی نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا’’ سپاہ کے تاسیس کے دن کی مناسبت سے میرا سلام سپاہ کے تمام کارکنوں اور ان کے اہلخانہ کو پیش کردینا‘‘ ، رہبر معظم نے سپاہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سپاہ کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی تشکیل 2 اپریل 1979 کو بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (ره) کے فرمان پر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : کوئی بھی میزائل اور ہوائی جہاز خلیج فارس ریڈار سسٹم سے بچ کر نہیں گزر سکتا۔ ایران
دوسری طرف سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پر آج ایران نے پہلا ملٹری سیٹلائٹ ’’نور‘‘ لانچ کیا جو ایران کی ایک بہت بڑی کامیابی اور ایک نئی پیشرفت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب فورس نے ملک میں اپنے انجینئروں کا بنایا ہوا پہلا ملٹری سیٹیلائٹ کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا ہے۔
آج بدھ کی صبح نور نامی اس ملٹری سیٹیلائٹ کو ایران کے مرکزی صحرائی علاقے سے قاصد راکٹ کے ذریعہ خلا میں بھیجا گیا جو زمین سے 425 کلو میٹر کے فاصلے پر کامیابی کے ساتھ مدار میں قرار پایا۔
ماہرین سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اس اقدام کو بہت اہم قرار دے رہے ہیں جو ایران کے خلائی شعبے میں ایک عظیم انقلاب کا سبب بن سکتا ہے۔