سعودی عرب

سعودی عرب میں حج پر بھی کورونا وائرس کے سائے منڈلانے لگے

شیعت نیوز: کورونا وائرس نے جہاں تمام عالمی نظام کو تہہ و بالا کردیا ہے اب اس حج پر بھی اس کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر حج محمد بنتن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورتحال میں دنیا بھر کے مسلمان حج کی تیاریاں مؤخر کریں اور صورتحال واضح ہونے کا انتظار کیا جائے اور حج کے معاہدے نہ کئے جائیں۔

اس سے قبل سعودی عرب نے پاکستان کو حج معاہدوں سے روک دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : آل سعود حکومت نے مسجد قبا کے خطیب کو ٹوئیٹ کرنے پر برطرف کردیا

خیال رہے کہ سعودی عرب نے رواں سال حج ہونے یا نہ ہونے سے متعلق ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

اس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت تمام مساجد بشمول مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

سعودی حکام نے اس سے قبل وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف اسپرے کے لیے مطاف خالی کرایا تھا اور طواف کے عمل کو روک دیا گیا تھا جس کے بعد اوپر منزلوں سے طواف کی اجازت تھی لیکن حرم شریف کے صحن میں داخلے پر پابندی عائد تھی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت 25 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی تاہم اس سے ایک روز قبل ہی حکومت نے ملک میں کرفیو کا نفاذ کردیا تھا اور مساجد میں پانچ وقت کی نماز باجماعت ادا کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اب تک ایک ہزار 453 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 8 بتائی جا رہی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا سے ہلاکتیں اس سے کہیں زیادہ ہیں جو آل سعود کی حکومت بتا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button