اہم ترین خبریںایران

آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہدایات جاری

شیعت نیوز: آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے یوم شجر کاری کے موقع پر دو پودے لگانے کے بعد ایران میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے حوالے سے عوام اور حکام کے لیے کچھ ہدایت جاری کی ہیں۔

یوم شجر کاری کے موقع پر دو پھلدار پودے لگانے کے بعد آیت العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شجرکاری کو ایک بابرکت تحریک قرار دیا۔

آپ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اگرچہ میں پہلے بھی ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل کارکنوں کی تہہ دل سے قدر دانی کرچکا ہوں تاہم ضروری سمجھتا ہوں کہ ایک بار پھر جہاد راہ خدا میں مصروف اپنے پیاروں کا شکریہ ادا کروں۔

یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات پر ا ظہار تشکر

رہبر انقلاب اسلامی نے تمام مریضوں کے لیے شفائے عاجل اور مرنے والوں کے لئے مغفرت اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے فرمایا کہ اس بیماری کے انسداد اور پھیلاؤ کو روکنے کے بارے میں متعلقہ عہدیداروں کے احکامات اور مشوروں کو ہرگز نظر انداز نہ کیا جائے، کیونکہ خداوند تعالی نے ہمیں اپنی اور دوسروں کی صحت و سلامتی کا پابند بنایا ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے موجودہ حساس صورتحال میں پوری قوم کو خداوند تعالی سے توسل اور اس سے لولگانے کی نصیحت بھی فرمائی۔

آیت اللہ خامنہ ای نے ایک اور اہم سفارش کرتے ہوئے اللہ تعالی کی جانب توجہ مرکوز کرنے اور اس سے توسل کرنے کی تاکید کی۔

آپ نے فرمایا کہ البتہ یہ بلا اتنی بڑی نہیں ہے کیونکہ اس سے کہیں بڑی آفات کا سامنا ہو چکا ہے، تاہم یہ حقیر، نوجوانوں کے پاک و پاکیزہ دلوں اور پرہیزگار افراد کے منہ سے نکلنے والی دعاؤں سے بڑی بلاؤں کے ازالے کے سلسلے میں بہت پرامید ہوں، کیونکہ اللہ کی بارگاہ میں توسل کرنا اور نبی اکرم اور ائمہ اطہار علیہم السلام سے شفاعت طلب کرنا بہت سی مشکلات کو دور کر سکتا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے دنیا کے بہت سے ملکوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ملکی عہدیداروں نے پہلے ہی دن سے خلوص، سچائی اور شفافیت کے ساتھ قوم اور دنیا کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن بعض ممالک جہاں یہ بیماری اس سے بھی زیادہ شدید اور ہمہ گیر ہوچکی ہے، معاملے کو چھپا رہے ہیں البتہ ہم خداوند تعالی سے ان تمام مریضوں کے لیے بھی صحت و تندرستی کے طلبگار ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button