اہم ترین خبریںدنیا

امریکا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا دعویٰ

موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں کامیابی کی خاطر ایک مرتبہ پھر داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی موت کا انکشاف کیا ہے ۔

شیعت نیوز: امریکا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا دعویٰ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شام میں داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی امریکی حملے میں اپنے بچوں سمیت مارا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اہم میڈیا بریفنگ میں داعش کے سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا کا نمبر ایک دہشت گرد ابوبکر البغدادی شام میں ایک سرنگ کے اندر چھپا ہوا تھا جسے ہم نے دو ہفتے قبل ڈھونڈ نکالا تھا اور مسلسل نگرانی کر رہے تھے۔

امریکی صدر نے مزید بتایا کہ ابوبکر البغدادی کی موجودگی کی سو فیصد تصدیق کے بعد امریکی سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا آغاز کیا جس کے دوران ابوبکرالبغدادی نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس میں اس کے 3 بچے بھی ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: داعش کے سرغنہ ابوبکر بغدادی کی موت کی خبر اور پس پردہ حقائق

امریکی صدر نے آپریشن کی کامیابی پر امریکی خفیہ ایجنسی، ترکی، شام اور روس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان دوست ممالک کی مدد کے بغیر اہم اور خطروں سے بھرا مشن کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتا تھا۔ داعش کے باقی ماندہ دہشت گردوں کا پیچھا کرتے رہیں گے اور ان کا انجام بھی بغدادی کی طرح ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکی فوج نے گزشتہ شب شام میں ادلب کے ایک گاؤں میں چھاپا مار کارروائی کے دوران ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔ اس سے قبل بھی کئی بار ابوبکر بغدادی کی ہلاکت کے دعوے کیے گئے تھے تاہم پہلی بار امریکی صدر نے میڈیا کے سامنے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ماضی میں سابق امریکی صدر نے باراک اوباما نے انتخابات میں کامیابی کے حصول کیلئے القائدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی موت کا مبینہ انکشاف کیا تھا اور اب موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں کامیابی کی خاطر ایک مرتبہ پھر داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی موت کا انکشاف کیا ہے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button