اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

سانحہ کربلا صبر و استقلال کی عظیم مثال اور حسینیت صبر اور یذیدیت جبر کی علامت ہے،حامدرضا

امام حسینؑ نے باطل کے سامنے سر نہ جھکانے کا درس دیا۔ مسلمان کشمیر، فلسطین اور افغانستان میں یذیدی قوتوں کا مقابلہ کر رہے ہیں

شیعت نیوز: سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام 10 محرم کو ملک گیر” یوم فروغ پیغام حسینؑ“ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں پیغام حسین ؑکانفرنسیں منعقد کی گئیں اور غریب بستیوں میں حسینی لنگر تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں منعقدہ سالانہ” پیغام حسینؑ کانفرنس “سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کربلا صبر و استقلال کی عظیم مثال ہے۔ حسینیت صبر اور یذیدیت جبر کی علامت ہے۔ شیطانی اور طاغوتی قوتوں کی سرکوبی کے لئے اسوہ شبیری کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ امام حسینؑ نے باطل کے سامنے سر نہ جھکانے کا درس دیا۔ مسلمان کشمیر، فلسطین اور افغانستان میں یذیدی قوتوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ امت مسلمہ کو نواسہ رسول کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیری بہن بھائیوں کی مدد کے لئے آگے بڑھنا ہو گا۔ کربلا کا واقعہ ظلم و جبر کی مزاحمت کا استعارہ بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ کربلا سے استعماری طاقتوں کے سامنے سینہ سپر ہونے کا جذبہ ملتا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حبیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ میں شہادت امام حسین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آذادی کے لئے خانقاہوں سے نکل کر رسم شبیری ادا کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ امام حسین سر کٹوا کر سرخرو اور یذید تخت بچا کر رسوا ہو گیا۔ اسلام کی بقا و ترقی کے لئے کربلا والوں کے راستے پر چلنا ہو گا۔

سنی اتحاد کونسل کے سیکریٹری جنرل سید جواد الحسن کاظمی نے راولپنڈی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کربلا حق و باطل کا معرکہ تھا جس میں حق سربلند اور باطل سرنگوں ہوا۔ خانوادہ رسول نے لازوال قربانیاں دے کر حق و باطل کا فرق واضع کیا۔ یوم فروغ پیغام حسینؑ کے موقع پر گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، چھانگا مانگا میں علامہ ارشد مصطفائی، فیصل آباد میں صاحبزادہ حسین رضا، کراچی میں علامہ تنویر الاسلام، لاہور میں پیر معاذالمصطفے قادری، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا نے کانفرنسوں سے خطاب کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button