پاکستان کی اہم خبریں

ہائی کورٹ کا ضلعی انتظامیہ کو مجالس عزاء کے انعقاد کی درخواستیں فوری نمٹانے کا حکم

شیعت نیوز : لاہور ہائی کورٹ نے محرم الحرام کے دوران مجالس عزاء کے انعقاد اور ماتمی جلوس برآمد کرنے کی اجازت نہ دینے کیخلاف دائر درخواستیں نمٹاتے ہوئے متعلقہ مجاز افسران کو زیرالتوا درخواستوں پر فوری فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس شاہد وحید نے انجمن حسینہ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواستیں لاہور، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ سمیت دیگر اضلاع سے دائر کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : قومی محرم کمیٹی کا قیام ، باہمی ہم آہنگی سے دشمنانِ اسلام کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر اتفاق

درخواستوں میں ڈپٹی کمشنر اور ضلعی پولیس افسران کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ محرم الحرام میں سالانہ مجالس کرواتے اور ماتمی جلوس نکالتے ہیں۔ سالانہ مجالس اور ماتمی جلوس کیلئے لائسنس بھی لے رکھے ہیں۔

درخواستوں میں کیا گیا کہ سکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر محرم الحرام کے موقع پر ان کے لائسنس کی تجدید نہیں کی جا رہی۔ ڈی سی اور پولیس افسران ان کی اجازت کیلئے دی گئی درخواستوں پر فیصلہ بھی نہیں کر رہے۔

درخواستوں میں استدعا کی گئی کہ عدالت ان کو مجالس کروانے اور ماتمی جلوس نکالنے کی اجازت دینے کا حکم دے۔

عدالت سے مزید استدعا کی گئی کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو زیرالتواء درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔

عدالت نے درخواست گزار وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواستیں نمٹاتے ہوئے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو درخواستوں پر فوری فیصلہ کرکے عدالت رپورٹ دینے کی ہدایت کر دی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button