پاکستان

امریکہ نواز کچھ بیرونی قوتیں پاک ایران تعلقات کے دشمن ہیں

شیعیت نیوز: جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران برادر ہمسایہ اسلامی ممالک ہیں، وزیراعظم عمران خان کا دورہ ایران قابل تعریف ہے، ایران سے تعلقات میں سرد مہری کا خاتمہ اور گرم جوشی کی بحالی مثبت اقدام ہے، ہمیں اپنی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں کے مطابق تمام مسلمان ممالک سے متوازن تعلقات رکھنا وقت کی ضرورت ہے، عالم اسلام میں ایرانی قیادت کا کردار نڈر اور بیباک ہے، جنہوں نے ہمیشہ امت مسلمہ کے مفادات کو ترجیح دی ہے لیکن افسوس امریکہ نواز کچھ بیرونی قوتیں، ہمارے وزراء دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے دشمن ہیں، خطرے کی بات یہ ہے کہ ایسے عناصر امریکہ نوازی میں بہت آگے جا چکے ہیں، انہیں امت مسلمہ کا اتحاد مدنظر رکھنا چاہیئے، ترکی اور چین کی طرح پاکستان کو بھی ایران پر امریکی اقتصادی پابندیاں مسترد کرکے اسلامی ملک کیساتھ کھڑے ہونا چاہیئے۔

ایران میں اسلامی انقلاب امام خمینی کی قیادت میں برپا ہوا، جو پاکستان کیلئے ایک نمونہ عمل بن سکتا ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ برادر اسلامی ملک کا بھرپور ساتھ دینا چاہیئے، امریکہ نے ناجائز طور پر ایران پر پابندیاں عائد کی ہیں، وزیراعظم عمران خان کا دورہ ایران بہت مثبت رہا ہے، دونوں ممالک کو دہشتگردی کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار اور اس کے حل میں اسلامی ریاستوں کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں اسلامی انقلاب امام خمینی کی قیادت میں برپا ہوا، جو پاکستان کیلئے ایک نمونہ عمل بن سکتا ہے اور پاکستان میں قرآن و سنت کا نظام نافذ ہو سکتا ہے، مگر افسوس سوائے ایران کے کسی ملک میں جمہوری طریقے سے اسلامی نظام نافذ نہیں، یہاں بادشاہتیں نافذ ہیں، جو اپنے عوام کی نمائندگی کی بجائے، یورپی ممالک کی ترجمانی کرتے ہیں۔ اعجاز ہاشمی نے کہا کہ خارجہ پالیسی ریاست اور حکومت کی ہوتی ہے، کسی وزیر کی ذاتی رائے نہیں، پاکستان اور ایران کے درمیان اسلامی ثقافتی، تجارتی و سفارتی تعلقات دیرینہ اور دوستانہ ہیں، جن پر کسی کی مرضی کو مسترد کیا جانا چاہیئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button