کوئٹہ شیعہ قتل عام اور زائرین کو عدم سہولیات کی فراہمی کےخلاف پاراچنار میں احتجاج

شیعیت نیوز: کوئٹہ میں دہشت گردی اور زائرین کو سہولیات نہ دینے کے خلاف پاراچنار میں مختلف تنظیموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔ پریس کلب پاراچنار کے سامنے مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے دہشت گردی کے واقعات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بے گناہ انسانوں کی قتل کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں سماجی رہنما ابرار حسین، شفیق طوری، مجاہد حسین، مظہر طوری اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ بار بار کوئٹہ میں بے گناہ لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے اور سکیورٹی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے دہشت گرد آسانی سے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ کوئٹہ اور تفتان کے درمیان زائرین کی آمد و رفت بھی ایک سنگین مسلہ بن گیا ہے اور 2 ہفتے کانوائے کا انتظار کرنے کے بعد آج زائرین مجبوراً کوئٹہ کے لئے پیدل روانہ ہوگئے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ زائرین کی حفاظت اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو ملک بھر میں احتجاج شروع کریں گے۔