پاکستان

ساہیوال واقعے کےذمہ دار وہ حکمران ہیں جنہوں نے ایجنسیوں کو لامحدود اختیارات دیئےہیں، علامہ سبطین سبزواری

شیعیت نیوز: شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے ساہیوال میں ایلیٹ اہلکاروں کے ہاتھوں میاں بیوی اور بیٹی سمیت چار افراد کی بیگناہ ہلاکت کو ریاستی جبر کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبے میں سی ٹی ڈی خوف کی علامت اور وحشی درندہ بن چکی ہے، جس نے نہ صرف ان بے گناہوں کو بے دردی سے قتل کیا، بلکہ کئی معصوم شہریوں کو دہشتگرد قرار دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا، علماء و طلبا کو گرفتار کیا اور بعدازاں بغیر عدالتوں میں پیش کئے جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا، ان کے بارے میں ابھی تک کچھ معلوم نہیں کہ وہ کس حالت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں کو اتنے اختیارات دے دیئے گئے ہیں کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جاتا ہے، علما اور طلبا سمیت شریف شہریوں کو بلا وجہ فورتھ شیڈول میں ڈال کر انہیں بلیک میل کیا جاتا ہے جبکہ جبری طور پر لاپتہ افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

علامہ سبطین سبزواری کا کہنا تھا کہ سخت قوانین تو دہشتگردوں کیخلاف بنائے گئے تھے، مگر انہیں سرکاری پروٹول دیا جاتا ہے جبکہ بے گناہوں کا جینا مشکل بنا دیا گیا ہے۔ نامزد صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا جعفر حسین اور سینیر نائب صدر سید ساجد حسین نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں جاں بحق ہونیوالوں کے قتل کے ذمہ دار حکمران ہیں، جنہوں نے ایجنسیوں کو لامحدود اختیارات دے دیئے گئے ہیں کہ کسی بھی جگہ شہریوں کو قتل کر سکیں اور ان کا احتساب نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جتنے بے گناہ شہری سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مارے گئے ہیں، ان کی تحقیقات ہونی چاہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حقوق کی پامالی کو روکنا ہوگا ورنہ پاکستان کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button