پاکستان

دشمن خفیہ ایجنسیوں کی دہشتگرد گروپوں کو فنڈنگ، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی پورٹ میں انکشاف

شیعیت نیوز: دشمن خفیہ ایجنسیاں مختلف دہشت گرد گروپوں کو فنڈنگ کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کے ناسور کو مزید ہوا دے رہی ہیں۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے 27 نکاتی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تیار رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دشمن خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کو رقوم فراہم کر رہی ہیں۔ حکومت نے فنانسنگ رسک اسیسمنٹ رپورٹ کی منگل کو منظوری دی ہے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے 27 نکاتی ایکشن پلان حوالے کیا ہے۔ یہ رپورٹ وزیرخزانہ اسد عمر کی زیرصدارت انسداد منی لانڈرنگ پر قائم قومی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی۔ جائزہ رپورٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کے بعد قومی ایگزیکٹو کمیٹی نے اہم پالیسی اور قانون سازی کے معاملوں پر فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تحفظات دور کرنے کیلئے اس کی منظوری دیدی ہے۔

یہ رپورٹ اب اگلے ہفتے آسٹریلیا میں ایشیا پیسفک جوائنٹ گروپ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے طالبان اور امریکا میں مذاکرات کیلئے مثبت کردار بین الاقوامی دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ نیشنل رسک اسیسمنٹ رپورٹ کے مطابق غیرملکی فنڈنگ، منشیات اسمگلنگ، اغواء برائے تاوان، بھتہ، ڈکیتی اور بینک ڈکیتی کو پاکستان میں ٹیرر فنانسنگ کے ذرائع بتایا گیا ہے۔ یہ پہلی جائزہ رپورٹ ہے جو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی اور ایف آئی اے نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں سبوتاژ کی کارروائیوں میں دشمن ایجنسیاں ملوث ہیں۔ پاکستانی خفیہ اداروں نے پہلے ہی ایک بھارتی جاسوس کو پکڑ رکھا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button