پاکستان

کالعدم تنظیموں کو مذہبی جماعتوں کے اتحاد کی آڑ میں تحفظ دینے والوں کا نوٹس لیا جائے،پیرمعصوم نقوی

شیعیت نیوز: جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ اور نظام مصطفی محاذ کے سینیر نائب صدر قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کے نام پر طالبان دہشتگردوں کا باپ کہلانے پر فخر کرنیوالے مولانا سمیع الحق کی طرف سے کالعدم تنظیموں کا انتخابی اتحاد بنانے کی سازش شہداء کے خون سے غداری ہوگی، قومی اداروں کی طرف سے دہشتگردی میں ملوث کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے قومی دھارے میں شامل کرنے کی کوشش ملکی سلامتی اور سیاسی نظام کیخلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کو مذہبی جماعتوں کے اتحاد کی آڑ میں تحفظ دینے والوں کا نوٹس لیا جائے، الیکشن کمشن کو آنکھیں کھلی رکھنی چاہیں، مولانا سمیع الحق کو دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کو نقصان پہنچانے کا ہدف دیا گیا ہے، اسی لئے وہ کوشش میں ہیں کہ کچھ کرکے دکھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں میں تقسیم در تقسیم کا عمل اتنا گہرا ہوگیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کئی لحاظ سے عجیب نتائج سامنے آئیں گے، جب ہر جماعت اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہوگی، ایک معلق پارلیمنٹ لانے کیلئے کئی انتخابی اتحاد تشکیل دیئے جا رہے ہیں تاکہ بڑی جماعتوں کے ووٹ تقسیم کئے جا سکیں۔ پیر معصوم نقوی نے واضح کیاکہ پاکستان کے عوام بہت سمجھدار ہیں، انتہا پسندی، نفرت اور دہشتگردی کو فروغ دینے والے گروہوں کو انتخابات میں مسترد کردیں گے، صرف مثبت سیاست کو فروغ ملے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button