پاکستان

فاٹا اور گلگت بلتستان کے عوام کوبنیادی آئینی حقوق فراہم کئے جائیں،علامہ ساجد نقوی

شیعیت نیوز:  علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، فاٹااور گلگت بلتستان کا معاملہ قومی مفادات کے مطابق حل کیا جائے۔ فاٹا اورگلگت بلتستان کے عوام کو بھی بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں ، ان معاملات پر سیاست کی بجائے پارلیمان میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور مسائل مستقل بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی علاقہ جات اور گلگت بلتستان سے آئے ہوئے وفودسے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کیا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو حقوق یکساں ملنے چاہیے لیکن افسوس اس ملک کے کچھ حصے یا علاقے ایسے ہیں جہاں عملاً آئین نافذ العمل نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا روز اول سے مطالبہ کیاہے کہ ملک میں آئین کا کساں نفاذ اور قانون کی عمل داری قائم کی جائے جب تک صحیح معنوں میں آئین و قانون پر عملدرآمد نہیں ہوتا معاملات سلجھ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمان کو بھی چاہیے کہ اس سلسلے میں تاخیر کی بجائے اتفاق رائے پیدا کرکے جلد از جلد اس معاملے کو نمٹایا جائے اور ان حساس موضوعات پر سیاست سے گریز کیا جائے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے گلگت بلتستان کے عمائدین سے گفتگو کے دوران کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان میں ازخود شمولیت کا فیصلہ کیا اور پاکستان کے حق میں ووٹ دیا لیکن افسوس ابھی تک اسے صوبہ تسلیم نہیں کیا گیا ، ہمارا واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ خطے کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں اور جب تک گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے آئینی حقوق نہیں دیئے جاتے اس وقت تک عوام پر ٹیکس نافذ کرنے کے اقدامات سے گریز کیا جائے۔ علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ فاٹا اور گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ قانون ساز اسمبلی سے لے کر مقتدر حلقوں تک عوام کی آواز پہنچاتے رہیں گے۔ اس موقع پر فاٹا اور گلگت بلتستان کے وفود نے ملاقات پر علامہ سید ساجد علی نقوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button