پاکستان

کوئٹہ: چرچ حملہ میں ملوث دہشتگرد افغانستان سے آئے تھے، وزیر داخلہ بلوچستان

شیعیت نیوز: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں گرجا گھر پر حملہ کرنے والے دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے جبکہ ہمیں ان حملہ آوروں کے افغانستان سے تعلق کے شواہد مل گئے ہیں۔

کوئٹہ میں ڈی آئی جی بلوچستان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم چرچ پر حملہ کرنے والوں کو پکڑیں گے جبکہ ہم نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر حملے کی کوشش ناکام بنا دیا ہے۔

اس موقع پر آئی جی بلوچستان نے کہا کہ یکم جنوری تک گرجا گھروں میں صرف چار دن تک تقریبات ہوں گی، جس کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں اور کم سے کم چار جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

گورنر بلوچستان پر ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا اور دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے خودکش جیکٹس، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گرجا گھر پر حملے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تصدیق نادرا سے کرائی گئی تھی جن کے نتائج منفی آئے، جس کا مطلب ہے کہ ان دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے تھا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ اعلیٰ عہدیداروں اور عوام کی سیکیورٹی کے لیے خاص اقدامات کیے جارہے ہیں، خاص طور پر ڈی پی او اور اس سے اوپر درجے کے تمام افسران کو بلٹ پروف گاڑی دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button